داسو اور بھاشا ڈیم تعمیر کرنے کا اعلان

داسو اور بھاشا دونوں ڈیم بنائیں گے جس کے لیے بھارت سے اجازت کی کوئی ضرورت نہیں


Editorial June 13, 2014
ورلڈ بینک نے داسو ڈیم کے لیے تقریباً ساٹھ کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی ہے، فوٹو:فائل

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے4500 میگاواٹ کے داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے عالمی بینک کی طرف سے سرمائے کی فراہمی کی منظوری پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے جب کہ وفاقی وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ داسو اور بھاشا دونوں ڈیم بنائیں گے جس کے لیے بھارت سے اجازت کی کوئی ضرورت نہیں۔ ورلڈ بینک نے داسو ڈیم کے لیے تقریباً ساٹھ کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی ہے۔ اور دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے زمین کی خریداری کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

داسو ڈیم کی تعمیر کی امریکا نے بھی حمایت کر دی ہے۔ وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے اپنے چیمبر میں وفاقی وزیر اسحاق ڈار سے ملاقات کی' اخباری اطلاعات کے مطابق اس ملاقات میں انھوں نے کہا کہ یہ قرضے پاکستان کی معیشت پر کثیرالجہتی ڈونرز اور بیرونی ممالک کے اعتماد کا مظہر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ منصوبے بجلی کی قلت دور کرنے اور آبی وسائل کے بہتر استعمال میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ عالمی بینک کے قرضے خالصتاً رعایتی اور سستے ہیں، ادائیگی کا شیڈول پانچ سال کی رعایتی مدت، کم شرح سود اور دو فیصد سالانہ کے معمولی انتظامی چارجز سمیت 25 برسوں کے عرصہ پر محیط ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس سے اندرونی قرضہ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ داسو اور بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے عالمی بینک کی جانب سے سرمائے کی فراہمی یقیناً موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے' اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں' اب حکومت کو چاہیے کہ ان منصوبوں کو اپنی مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی کوشش کرے تا کہ ملک کو توانائی کے بحران سے بھی چھٹکارا ملے اور آبپاشی کی ضروریات پوری ہوں۔