عراق خانہ جنگی کے شعلوں کی نذر

عراق کا المیہ یہ ہے کہ اس کے وسائل پر قبضہ کرنے کی شدید خواہش امریکا ،ایران اور سعودی عرب کی ہے ...


Editorial June 17, 2014
عراق کا المیہ یہ ہے کہ اس کے وسائل پر قبضہ کرنے کی شدید خواہش امریکا ،ایران اور سعودی عرب کی ہے فوٹو: اے ایف پی /فائل

عراق میں سرکاری افواج اور شدت پسندوں کے درمیان لڑائی میں شدت آچکی ہے،دونوں جانب سے کامیابی کے متضاد دعوے کیے جارہے ہیں، گیارہ برس قبل امریکا اور اس کے اتحادیوں نے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کا جھوٹا پروپیگنڈا کر کے عراق پر چڑھائی کردی تھی ، دعوی تو تھا عراقی عوام کو آمریت سے نجات دلا کر جمہوریت کی راہ پر گامزن کرنے کا لیکن درحقیقت تیل کی دولت سے مالا مال ملک کے وسائل پر قبضہ کیا گیا ، اور جان بوجھ کر پائیدار امن کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی ۔ پہلے جنگ اور اب نہ رکنے والی خانہ جنگی کے باعث ہزاروں انسانوں لقمہ اجل بن چکے ہیں اور بن رہے ہیں۔

انسانیت سسک رہی ہے دم توڑ رہی ہے لیکن مفادات کی جنگ عروج پر ہے، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عراقی فوج نے شمالی بغداد میں شدت پسندوں کی پیش قدمی روکنے کا دعویٰ کرتے ہوئے تین سو کے لگ بھگ جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے ، ایک غیر ملکی ایجنسی نے دعویٰ کیاہے کہ جنگجوئوں 1700عراقی فوجیوں کو پھانسی دیدی ہے ، لیکن نہ مقام نامعلوم ہے۔سنی جنگجو بغداد کی طرف بڑھے چلے آرہے ہیں، عراق کا المیہ یہ ہے کہ اس کے وسائل پر قبضہ کرنے کی شدید خواہش امریکا ،ایران اور سعودی عرب کی ہے ۔سنی اور شیعہ خلیج بڑھتی جارہی ہے،

اطلاعات کے مطابق امریکا نے بحری بیڑہ خلیج کی طرف روانہ کردیا۔جب کہ ان اطلاعات پر ایران کا موقف ہے کہ عراق میں کوئی بھی غیرملکی فوجی مداخلت اس بحران زدہ ملک کے مسائل کوگھمبیر اورخطے میں امن کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔ جب کہ سعودی میڈیانے عراقی وزیراعظم نوری المالکی پرالزام عائدکیا ہے کہ وہ عراق میںفرقہ وارانہ تشدد ابھارنے میںملوث ہیں ۔امت مسلمہ کا المیہ ہے کہ اس میں باہمی اتحادواتفاق کا فقدان ہے، اوررہی سہی کسر مسلکی اختلافات نے پوری کردی ہے، عراق کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے ، خانہ جنگی کے شعلے آسمان کو چھو رہے ہیں اور اس کا ایندھن عراقی عوام ہیں ، مسئلے کا حل تو یہ ہے کہ عراق کی سیاسی قیادت سر جوڑ کر بیٹھے اور مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائے خدانخواستہ ایسا نہ ہوا تو عراق کوشام بننے میں کچھ دیر نہیں لگے گی ۔