سگریٹ نوشی کی جگہ ویپنگ استعمال کرنے سے کینسر کا خطرہ کم نہیں ہوتا

ویب ڈیسک  بدھ 22 مئ 2024
[فائل-فوٹو]

[فائل-فوٹو]

سیئول: حال ہی میں ہوئی ایک نئی تحقیق ہمیں بتاتی ہے کہ اگر آپ نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی ہے اور اس کے بجائے ویپ کا استعمال کررہے ہیں، تو پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ آپکی توقع کے برخلاف کم نہیں ہوگا بلکہ برقرار رہے گا۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور جنوبی کوریا میں سیول نیشنل یونیورسٹی میں پلمونری اینڈ کریٹیکل کیئر میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر یون ووک کم اور انکی ٹیم کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق یہ بڑی آبادی پر مبنی پہلی اہم تحقیق ہے جس میں ویپ کیوجہ سے پھیپھڑوں کے کینسر کے بڑھتے خطرے کو ظاہر کیا گیا ہے اگرچہ سگریٹ نوشی ترک بھی کردی گئی ہو۔

ڈاکٹر کم کی ٹیم نے سان ڈیاگو میں امریکن تھوراسک سوسائٹی کے سالانہ اجلاس میں اپنے نتائج پیش کیے۔ مطالعہ میں کہا گیا کہ بہت سے سگریٹ نوشی کرنے والے ویپنگ کی طرف مائل ہو رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ سگریٹ سے زیادہ محفوظ ہے۔ حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔

محققین کی ٹیم نے 43 لاکھ سے زیادہ جنوبی کوریائی باشندوں کا مطالعہ کیا جنہوں نے 2012-2014 اور 2018 میں ملک کے نیشنل ہیلتھ اسکریننگ پروگرام میں داخلہ لیا تھا۔

محققین نے پایا کہ 53,000 سے زیادہ لوگوں کو پھیپھڑوں کا کینسر ہوا اور 6,351 اس بیماری سے مرے۔ ان میں وہ لوگ جنہوں نے پانچ سال یا اس سے زیادہ عرصے سے سیگرٹ نوشی چھوڑ دی تھی لیکن ویپ کا استعمال کر رہے تھے ان میں پھیپھڑوں کے کینسر کے امکانات ان لوگوں کے مقابلے میں زیادہ تھے جنہوں نے دونوں قسم کی سگریٹ نوشی بالکل چھوڑ دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔