6ریڈز اسنوکر میں محمد سجاد کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

ورلڈ ٹیم ایونٹ میں پاکستان کی آسٹریلیا کوشکست دینے کی بدولت فائنل16میں شمولیت


Sports Reporter June 28, 2014
قبل ازیں آخری 32کھلاڑیوں کے راؤنڈ میں محمد سجاد نے بھارت کے لکشمن روات کو4-1 سے مات دی تھی۔ فوٹو؛ فائل

پاکستانی کیوئسٹ محمد سجاد افغانستان کے محمد رئیس حسین زئی کو4-1 سے شکست دے کر آئی بی ایس ایف6ریڈز اسنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔

مصری شہر شرم الشیخ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والے محمد سجاد کو پری کوارٹر فائنل میں افغان حریف پرکامیابی کیلیے ایک فریم کی قربانی دینا پڑی،7 فریمز پر مشتمل مقابلے میں محمد سجاد کو پہلے0-60 کی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، مگر اس کے بعد انھوں نے حریف کے دباؤ میں آنے کے بجائے اعتماد سے کھیلتے ہوئے اگلے چاروں فریمز 41-14، 51-0، 57-0 اور 49-15 سے اپنے نام کر لیے۔ قبل ازیں آخری 32کھلاڑیوں کے راؤنڈ میں محمد سجاد نے بھارت کے لکشمن روات کو4-1 سے مات دی۔

پاکستانی پلیئر نے ابتدائی تینوں فریمز 45-0، 53-09 اور 75-0 سے جیت لیے لیکن چوتھے میں بھارتی حریف نے40-28 سے کامیابی حاصل کرلی، بعد ازاں محمد سجاد اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پانچواںفریم 37-05 سے اپنے نام کر کے فتح سے ہمکنار ہوگئے، کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ پولینڈ کے کھلاڑی سے ہوگا۔ دریں اثنا ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں اعزاز کا دفاع کرنے والی پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو3-1 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، سابق عالمی چیمپئن محمد آصف اور محمد سجاد پر مشتمل سائیڈ کا اب مصر13سے مقابلہ ہوگا۔