بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عدت کا کوئی کیس نہیں، ان کا اصل مقصد عمران خان کو اندر رکھنا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں عظمیٰ خان و علیمہ خان اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر پیش ہوئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ ہم ضمانت کے لیے آ رہے ہیں، تفتیشی افسر پیش نہیں ہوتا۔ انصاف نہیں مل رہا۔ تفتیشی کیس میں محنت کر رہا تھا اس لیے پیش نہیں ہوا۔ ہم نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کے لیے کوئی سزا مقرر کریں۔ اگر ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہ لے رہا ہے تو ایمانداری سے کما کرنا چاہیے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ تحقیقات میں صرف یہ سوال پوچھا گیا کہ آپ کی تصویر دیکھی آپ وہاں تھیں، جس پر میں نے بتایا کہ میں نہیں تھی میری بہنیں موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عدت کا کوئی کیس نہیں ہے۔ اصل مقصد کیسز نہیں عمران خان کو اندر رکھنا ہے۔
دریں اثنا اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری ہوا ، سادہ کپڑوں میں لوگ میرے گھر میں گھسے ،لیکن اب وہ مقدمہ ختم ہوچکا ہے ۔ جج صاحب بار بار کہہ رہے ہیں کہ ان لوگوں کے خلاف موجود شواہد پیش کریں لیکن وہ لوگ شواہد پیش نہیں کررہے ۔ تفتیشی افسر ہم سے ہمارا فون مانگتا ہے اس کے ذریعے انہوں نے کیا کرنا ہے ۔ سی ڈی آر انکے پاس ہے اس کو استعمال کریں۔ جتنی نادان اور ڈفر حکومت یہ ہے میں نے کبھی نہیں دیکھی۔