فلور ملز کی کراچی سمیت ملک بھر میں ہڑتال سپلائی بند ہونے سے آٹا بحران کا خدشہ

ٹیکس جمع کرنا حکومت کاکام ہے ہمارا نہیں، ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے تک ہڑتال جاری رہے گی، ایسوسی ایشن


ویب ڈیسک July 11, 2024
فلور ملز کی جانب سے ملک بھر میں آٹے کی سپلائی بھی بند کردی گئی ہے

فلور ملز کی جانب سے آج کراچی سمیت ملک بھر میں ہڑتال کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے سپلائی بند ہونے سے آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔


پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے وِد ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں ہڑتال شروع کر دی گئی ہے اور آج سے ملک بھر میں فلور ملز نے گندم کی پسائی کا کام بند کردیا گیا ہے۔


چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ساؤتھ عامر عبداللہ کا کہنا ہے کہ آج سے ہم نے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال شروع کر دی ہے ، جس کے تحت کراچی سمیت ملک بھرمیں فلور ملز نے آٹے کی سپلائی بند کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران بھینس کالونیوں اور جانوروں کے چوکر کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوگی۔


عامر عبداللہ نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے آٹا 8 سے 10روپے فی کلو مہنگا ہوگا۔ فلور ملز میں پسائی کا عمل ایک نکاتی مطالبہ تسلیم نہ ہونے تک بند رکھیں گے۔ فلور ملرز ودہولڈنگ ایجنٹ نہیں بن سکتے ۔ ٹیکس جمع کرنا حکومت کا کام ہے، ہمارا نہیں۔ ہم ٹیکس کی ادائیگی پہلے بھی کررہے ہیں مزید دے سکتے ہیں، صرف طریقہ کار پر اعتراض ہے۔


دریں اثنا فلور ملز کی جانب سے ہڑتال کے دوران ملک بھر میں سپلائی بند ہونے کی وجہ سے آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔


اُدھر فلور ملز مالکان کی جانب سے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں 250 سے زائد فلور ملز بند کردیں گئی ہیں۔ فلور ملز مالکان کی جانب سے دو ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کے خلاف ہڑتال کے اعلان کے تحت پہلے مرحلے میں خیبر پختو نخوا کی تمام فلور ملز میں واشنگ گزشتہ روز ہی بند کر دی گئی تھی اور آج سے گندم کی پسائی اور مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی بند کردی گئی ہے۔


فلور ملز کے بیرونی دروازوں پر ملز کی بندش اور احتجاجی ہڑتال کے بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔ اسی طرح بازاروں میں بھی آٹے کے دکاندار بھی احتجاجاً بیٹھ گئے ہیں۔گروپ لیڈر فلور ملز ایسوسی ایشن محمد نعیم بٹ کا کہنا ہے کہ جب تک وفاقی حکومت آٹے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ، بجلی کے بلوں میں ایم ڈی آئی MDIکی شرح میں اضافے کا خاتمہ اور حکومت پنجاب سے گندم کی آزادانہ نقل و حمل پر پابندی ختم نہیں کرے گی تب تک فلور ملز ایسوسی ایشن غیر معینہ مدت تک ہڑتال جاری رکھیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں