پٹرولیم مصنوعات کی گھٹتی بڑھتی قیمتیں

وفاقی حکومت نے اوگرا کی سمری مسترد کرتے ہوئے یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔


Editorial July 01, 2014
اوگرا کی سمری مسترد کرنا عارضی ریلیف ضرور ہے مگر پٹرولیم مصنوعات کی وقفہ وقفہ سے قیمتوں میں اضافہ نامناسب حکمت عملی ہے۔ فوٹو: فائل

LONDON: وفاقی حکومت نے اوگرا کی سمری مسترد کرتے ہوئے یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی جاری رکھی جائے اور رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔اوگرا کی سمری مسترد کرنا عارضی ریلیف ضرور ہے مگر پٹرولیم مصنوعات کی وقفہ وقفہ سے قیمتوں میں اضافہ نامناسب حکمت عملی ہے۔

واضح رہے 2010-11 ء میں بھی اس وقت کی زرداری حکومت کو شدید رد عمل کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم منطقی سوال یہ ہے کہ ہمہ اقسام پٹرولیم قیمتوں پر نظر ثانی سالانہ بنیادوں پر کیوں نہیں کی جاتی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہی در حقیقت غریب اور متوسط طبقے پر مہنگائی کے عذاب انڈیلتا ہے جب کہ پچھلی حکومتیں بھی اسی اتار چڑھائو کے باعث غیر مقبول و معتوب رہیں۔لہٰذا ضروری ہے کہ قومی معیشت کو توانائی بحران سے نکالنے کے لیے کوئی دیرپا پالیسی ہو، ایک ایٹمی ملک کا اس طرح توانائی کے DDDسہ جہتی معمہ ( تھری ڈیجیٹ ڈائلیما) کا تماشا بنے رہنا اس کے شایان شان نہیں۔

بلاشبہ وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی اس بار منظوری دے دی گئی ، اس مقصدکے لیے وزارت خزانہ 51 کروڑ روپے کی سبسڈی بھی فراہم کرے گی مگر اوگرا نے یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3. 36 روپے فی لیٹر تک اضافے کی جو سفارش کی تھی اس کا تسلسل تو جاری رہے گا۔ ادھر سوئی نادرن گیس پائپ لائنز نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کے لیے سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی کے دورانیے میں کمی کردی، نئے شیڈول کے مطابق سی این جی اسٹیشنز کو پیر اور جمعرات کو صبح 6 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک گیس فراہم ہوگی۔

اس سے قبل سی این جی اسٹیشنز کو پیر کی صبح 6بجے سے منگل کی صبح 6 بجے پھر جمعرات کی صبح 6 بجے سے جمعہ کی صبح 6 بجے تک گیس فراہم کی جا رہی تھی، کراچی میں سی این جی ہفتہ میں تین دن بند رہے گی۔ ہمارے کامرس رپورٹر کی مطابق چئیرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے نئے شیڈول پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ہفتے میںصرف 18گھنٹے گیس کی فراہمی ناقابل قبول ہے ۔ امید کی جانی چاہیے کہ وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ایک مستحکم شیڈول اورنظام الاوقات طے کریگی تاکہ عوام کو درپیش لوڈ شیڈنگ ،مہنگائی اور روز مرہ کی اذیتوں کا سلسلہ بند ہو۔