بنگلادیش انٹیلی جنس چیف کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

حسینہ واجد کے حامی انٹیلی جنس چیف کو معزولی کے بعد بیرون جانے کی کوشش کے دوران ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا


ویب ڈیسک August 16, 2024
شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے پر میجر جنرل ضیاالحسن کو برطرف کردیا گیا تھا، فوٹو: فائل

بنگلادیش کے معزول انٹیلی جنس چیف ضیا الحسن کو 8 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈھاکا کی عدالت میں سابق انٹیلی جنس چیف میجر جنرل ضیا الحسن پر طلبا تحریک کے دوران مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے ایک دکان میں کام کرنے والے 24 سالہ شاہجہان علی کی ہلاکت کا مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

سرکاری وکیل نے میجر جنرل ضیا الحسن کے لیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا تھا تاہم عدالت نے 8 روز کے لیے جیل بھیج دیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بنگلادیش؛ برطرف انٹیلی جنس چیف بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے طیارے سے گرفتار

یاد رہے کہ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد آرمی چیف نے ملک میں عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور فوج کے بڑے عہدوں میں تبدیلی کی گئی تھی جس میں میجر جنرل ضیاء الحسن کو انٹیلی جنس ادارے کی سربراہی سے ہٹا دیا گیا تھا۔

بعد ازاں معزول میجر جنرل ضیاء الحسن کو بیرون ملک جانے کی کوشش میں ڈھاکا ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔

آج کی عدالتی کارروائی میں ضیاء الحسن نے عدالت کو بتایا کہ 7 اگست کو ان کی حراست کے بعد سے انھیں ایک خفیہ حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے اور کسی سے ملاقات کرنے نہیں دی گئی۔