آرمی چیف کا عزم

ملک بھر میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے، آرمی چیف


Editorial July 08, 2014
ملک بھر میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے، آرمی چیف فوٹو: فائل

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے' پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے' پوری قوم کی جانب سے آپریشن کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہیں' دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا' مشکل گھڑی میں قبائلی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے' شمالی وزیرستان میں حالات معمول پر آتے ہی تعمیر نو کا آغاز ہو جائے گا۔

وہ پیر کو شمالی وزیرستان میں اگلے محاذ کے دورے کے موقعے پر آپریشن میں حصہ لینے والے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ آرمی چیف کو جنرل آفیسر کمانڈنگ کی جانب سے آپریشن ضرب عضب کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آپریشن کے کامیابی سے آگے بڑھنے کے عمل پر چیف آف کمانڈ کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاک فوج نے جس جرات و بہادری سے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا ہے' وہ قابل تحسین ہے۔

اب تک جو نتائج سامنے آ رہے ہیں انھیں مدنظر رکھا جائے تو بہت جلد یہ آپریشن کامیاب ہو کر اختتام پذیر ہو گا اور اس کے بعد بے گھر افراد اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں گے' اس وقت یقینی طور پر شمالی وزیرستان کے باسی انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیںلیکن ملک و قوم کی بہتری اور تحفظ کے لیے قبائلی عوام نے پہلے بھی قربانیاں پیش کی ہیں اور اب بھی وہ ایسا ہی کر رہے ہیں۔ ادھر یہ امر خوش آیند ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حوالے سے پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے ۔ یقینی طور پر یہ ایک مشکل مہم ہے لیکن پاک فوج کے لیے ایسے آپریشن کوئی بڑا چیلنج نہیں ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف خود شمالی وزیرستان پہنچے ہیں۔ ادھر حکومت بھی اس حوالے سے اپنے فرائض ادا کر رہی ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ جب تک شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کا صفایا نہیں ہوتا ' ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ شمالی وزیرستان ایک ایسا علاقہ بن چکا تھا جہاں دہشت گرد گروپ آزادانہ نقل و حرکت کر رہے تھے۔ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی تمام وارداتوں کے ڈانڈے شمالی وزیرستان سے ہی ملتے تھے۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد ملک میں امن کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ اب مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی ذمے داری میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے۔ انھیں ایک جانب قبائلی آئی ڈی پیز کی مدد کرنی ہے تو دوسری جانب شمالی وزیرستان سے فرار ہونے والے دہشت گردوں اور ان کے پشت پناہوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ جمہوری حکومت کے لیے یہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ پاک فوج نے اپنی ذمے دار ی پوری کر دی ہے اب اگلا مرحلہ جمہوری حکومت کا ہے کہ وہ ملک میں دہشت گردوں کے قدم نہ جمنے دیں۔