پاک بھارت تعلقات مستحکم بنانے کا مشن جاری رکھوں گا مہیش بھٹ

پاکستانی فنکاروں کو بھی بالی ووڈ نگری میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا اور یہ سلسلہ جاری رہے گا، معروف ہدایتکار


Qaiser Iftikhar July 10, 2014
میرے ادارے نے ہمیشہ پاکستانیوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا، ایکسپریس سے گفتگو فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے معروف پروڈیوسراورڈائریکٹرمہیش بھٹ نے کہا ہے کہ اپنے پروفیشن کے ذریعے پاکستان اوربھارت کے تعلقات کومستحکم بنانے کے مشن کوہمیشہ جاری رکھوں گا۔

پاکستان اوریہاں کے باسیوں سے میری محبت اورچاہت کااندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ میں نے اپنے ادارے کے پلیٹ فارم سے بہت سے پاکستانی فنکاروں کو بالی ووڈ میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا اورمستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ آنے والے چند ماہ میں پاکستانیوں کو کچھ مزید سرپرائززدونگا۔ان خیالات کااظہارمہیش بھٹ نے گزشتہ روزفون پر'' ایکسپریس '' سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے تعلقات میں بہتری کے لیے جس بھی پلیٹ فارم پربات کرنے کاموقع ملا تومیں نے اپنا اولین فرض سمجھتے ہوئے ہمیشہ ہی ان باتوں کو اپنی گفتگوکا موضوع بنایا ہے جن سے دیرینہ اختلافات میں کمی آئی ہے۔

اس کے علاوہ فلم اسٹار میرا، گلوکارراحت فتح علی خاں، عاطف اسلم، سارہ لورین سمیت دیگرکومیں نے اپنی فلموں کے ذریعے بالی ووڈ میں متعارف کروایا لیکن اس کا مقصد صرف ان باصلاحیت فنکاروں کو بالی ووڈ میں متعارف کروانا ہی نہیں تھا بلکہ اس کے ذریعے میں نے پاکستان اوربھارت کے رشتے کو مضبوط بنایا۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ہمارا ادارہ بہت سے باصلاحیت فنکاروں اورگلوکاروں کو یہاں کام کرنے کا موقع فراہم کرتا رہے گا۔ ایک بات توطے ہے کہ پاکستان میں بھی ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ یہاں کے فنکار، گلوکار، موسیقار اورتکنیکار اپنی مثال آپ ہیں اس لیے میں نے اور میرے ادارے نے ہمیشہ پاکستانیوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیاہے۔