قومی کرکٹ ٹیم کو مستحکم بنانے کیلئے غیر ملکی’’گرانٹ‘‘ پہنچ گئی

گرانٹ فلاور کل سے تربیتی کیمپ میں بیٹسمینوں کی خامیاں دورکرینگے،گرانٹ لیوڈن فیلڈنگ میں بہتری لانے کے لیے پُرعزم


گرانٹ فلاور کل سے تربیتی کیمپ میں بیٹسمینوں کی خامیاں دورکرینگے،گرانٹ لیوڈن فیلڈنگ میں بہتری لانے کے لیے پُرعزم ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستانی ٹیم کو مستحکم بنانے کیلیے غیرملکی''گرانٹ''پہنچ گئی، سابق زمبابوین کرکٹر گرانٹ فلاور جمعے سے تربیتی کیمپ میں بیٹسمینوں کی خامیاں دور کرنے کی کوشش کریں گے،نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ ہارون رشید نے فلاور اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن کا استقبال کیا۔

دوسری جانب دورئہ سری لنکا کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی جمعرات کو ٹیم منیجر معین خان کو رپورٹ کریں گے، کیمپ کے دوران23 سے 25 جولائی تک پریکٹس میچز کھیلے جائیں گے، انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف اسپنر سعید اجمل اور فاسٹ بولر جنید خان چند روز کی تاخیر سے باقی پلیئرز کو جوائن کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق نئیپاکستانی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور فیلڈنگ و ٹریننگ کوچ گرانٹ لیوڈن گذشتہ روزلاہور پہنچ گئے، دونوں کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ ہارون رشید نے استقبال کیا،گرانٹ فلاوراور گرانٹ لیوڈن بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں چیئرمین پی سی بی سے بھی ملاقات کرنا چاہتے تھے لیکن نجم سیٹھی کے بیرون شہر ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں ہوسکا۔

البتہ انھوں نے ہیڈ کوچ وقار یونس سے میٹنگ میں کام کے طریقہ کار پر ضرور تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب دورۂ سری لنکا کی تیاریوں کیلیے کیمپ میں قومی ٹیسٹ کرکٹرز جمعرات کو منیجر معین خان کو رپورٹ کریں گے، دو ٹیسٹ میچز کیلیے اسکواڈ2 اگست کو روانہ ہوگا، مدعو شدہ پلیئرز میں احمد شہزاد، خرم منظور، شان مسعود، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق (کپتان) ، اسد شفیق، عمر اکمل، سرفراز احمد، عبدالرحمان، محمد طلحہٰ، راحت علی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ انگلش کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف سعید اجمل اور جنید خان تاخیر سے کیمپ جوائن کریں گے، جنید ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ میں لنکا شائر کی نمائندگی کررہے ہیں،انھوں نے9میچز میں17وکٹیں لی ہیں جبکہ سعید اجمل بھی ووسٹرشائر کی جانب سے دھوم مچانے میں مصروف اورٹیم کو پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ پر پہنچا چکے ہیں، رواں راؤنڈ مکمل ہوتے ہی سعید اجمل وطن واپس لوٹ آئیں گے جبکہ جنید کی20 جولائی تک واپسی متوقع ہے۔

پی سی بی کے ایک آفیشل نے کہا کہ جنید خان اور سعید اجمل تین یا چار روز میں باقی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ شروع کردیں گے،کیمپ کا باقاعدہ آغاز جمعے سے ہونا ہے،21 جولائی تک روزانہ2 سیشنز ہوں گے، نیٹ پریکٹس شام 4 سے ساڑھے 6 بجے تک شیڈول ہے،رات 11 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریننگ ہوگی،22 جولائی کو آرام کا دن ہوگا جبکہ 23 سے 25 جولائی تک پریکٹس میچز رکھے گئے ہیں، اسی کے ساتھ کیمپ کا اختتام ہوجائے گا،اگلے روز قومی کرکٹرز متاثرین شمالی وزیرستان کی امداد کیلیے میچ میں حصہ لیں گے،مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم 2 ٹیسٹ کی سیریز کھیلنے کیلیے دو اگست کو سری لنکا روانہ ہوگی۔