فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں غزہ میں جنگ بندی کرائی جائے اے پی سی اعلامیہ

اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہاہے، آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں جس کا دارالخلافہ القدس ہو، قرارداد منظور


ویب ڈیسک October 07, 2024
(فوٹو : سرکاری میڈیا)

ایوان صدر میں فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں سیاسی جماعتوں کے سربراہان و رہنما شریک ہیں، شرکا نے اسرائیل کے خلاف اسلامی ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششوں کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر مشرق وسطی کی صورتحال اور فلسطین کے موضوع پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔

کانفرنس میں صدر مملکت آصف زرداری، مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف، وزیراعظم شہاز شریف، جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمان، سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمیت اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم، یوسف رضا گیلانی، اسحاق ڈار، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر جماعتوں کے سربراہان شریک ہیں۔


کانفرنس میں قومی ترانے کے بعد تلاوت سے باقاعدہ آغاز کیا گیا، شیری رحمان نے کانفرنس کا ایجنڈا پیش کیا کہ 7 اکتوبر ایک ایسا سیاہ دن ہے جس دن اسرائیل نے فلسطین کے عوام پر حملہ کیا آج اسی پر کانفرنس منعقد کی گئی ہے۔ بعدازاں صدرمملکت نے خطاب کے ساتھ کانفرنس شروع کی۔


اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے روکا جائے، صدر مملکت


اپنے خطاب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک اس کانفرنس کے لیے وزارت خارجہ کا ڈرافٹ ہے اور ایک میرے دل کی آواز ہے، ہم نے پی ایل او کے یہاں دفاتر دیکھے، میں کئی بار یاسر عرفات سےملا، پاکستان کا پی ایل او کے ساتھ کوآپریشن رہا ہے، اسرائیل اپنی جارحانہ کارروائیوں میں اضافہ کرتا جارہا ہے اور یہ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

یہ پڑھیں : پی ٹی آئی کا فلسطین پر حکومت کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ حالیہ اسرائیلی جارحیت میں اب تک 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور اب وہ لبنان و شام سمیت دیگر ممالک کو نشانہ بنارہا ہے، عالمی برادری اسرائیل کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے اور فلسطین بالخصوص غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے دنیا اس بات کا سخت نوٹس لے۔

اسلامی ممالک کے پاس ایک بہت بڑی قوت ہے وہ اس کا استعمال آج نہیں تو کب کریںگے؟ نواز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا کہ نہتے فلسطینی باشندوں پر جو ظلم ہورہا ہے وہ تاریخ کی بدترین مثال ہے، پورے پورے شہر کھنڈارت میں تبدیل کردیے گئے ماؤں سے بچے چھین کر والدین کے سامنے شہید کردیے گئے ایسا ظلم کہیں نہیں دیکھا، دنیا نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور ایک طبقہ اس مسئلے کو انسانیت کے بجائے مذہبی مسئلہ سمجھ کر بیان کرتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے خلاف اقوام متحدہ اس معاملے پر بے بس بیٹھی ہے ان کی قراردادوں پر کوئی عمل نہیں ہورہا، شہباز شریف نے فلسطین کے مسئلے کو یو این او اجلاس میں اچھے طریقے سے اجاگر کیا مگر اسرائیل کو یو این او کی کوئی پروا نہیں اور یو این او کو بھی غالباً کوئی فکر نہیں کہ وہ اتنا بڑا ادارہ ہوکر اپنی قراردادوں پر عمل نہیں کرواسکتا۔

یہ پڑھیں : فلسطین پر آواز اٹھانے کیلیے ماہرین کی کمیٹی بناکر دنیا کے اہم دارالخلافوں میں بھیجیں گے، وزیراعظم

نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ بالکل کشمیر کے معاملے کی طرح ہے کہ اس کے لیے بھی منظور کردہ قرارداد پر عمل نہیں ہوسکا، ایسی یو این او کا کیا فائدہ؟ جو دنیا کو انصاف نہ دے سکے اور جہاں ظلم ہو اسے روک نہ سکے۔

سربراہ ن لیگ نے کہا کہ یاسر عرفات سے دو بار ملا، انہوں نے کافی جدوجہد کی، فلسطینیوں کا خون رنگ لائے گا، اسلامی ممالک کو جمع ہوکر کوئی فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے، اس پر اچھی طرح سے غور کرکے اقدامات کا فیصلہ کیا جائے۔

نواز شریف نے اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اسلامی ممالک کے پاس ایک بہت بڑی قوت ہے اور وہ اس کا استعمال اگر آج نہیں کریں گے تو کب کریں گے؟ شاید پھر کبھی دوبارہ اس کے استعمال کا موقع آئے یا نہ آئے لیکن آج یہ موقع ہے اور ہم سب کو اکٹھا ہوکر ایک پالیسی بنانی ہوگی ورنہ ہم بچوں اور والدین کا اسی طرح خون ہوتے دیکھتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اس لیے دندنا رہا ہے کہ اس کے پیچھے عالمی طاقتیں ہیں ان طاقتوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ کب تک اسلامی دنیا اور فلسطین کے صبر کا امتحان لیں گے؟ ہمیں چاہیے کہ اپنی سفارشات مرتب کرنے کے بعد اسلامی دنیا سے رابطہ کریں اور اپنا موثر کردار ادا کریں، یہ صرف ہم نہیں پورے پاکستان کے عوام چاہتے ہیں کہ ہم کوئی فیصلہ کریں ہمیں ان کے جذبات کو بھی دیکھنا ہے یہ کام جتنی جلدی ہو اتنا بہتر ہے اس میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔

قائداعظمؒ نے اسرائیل کو ناجائز بچہ قرار دیا، فضل الرحمان

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کے ناسور کا سب سے پہلا فیصلہ 1917ء میں برطانیہ کے وزیر خارجہ دارفور کے جبری معاہدے کے تحت ہوا جس کے بعد یہودیوں کی بستیاں بسائیں گئیں، قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اسے ناجائز بچہ کہا جبکہ اسرائیل کے صدر نے سب سے پہلا خارجہ پالیسی کے بیان میں کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی کی سب سے اولین بنیاد یہ ہوگی کہ دنیا کے نقشے پر ایک نوزائیدہ اسلامی ملک کا خاتمہ ہمارا مقصد ہوگا۔

انہوں ںے کہا کہ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ کس طرح کچھ لوگ پاکستان کے ٹیلی ویژن پر آکر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کرتے تھے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتوں پر تعجب ہے، دو ریاستی حل کسی صورت قبول نہیں، سات اکتوبر کے حملے نے مسئلہ فلسطین کی نوعیت تبدیل کردی، یہودی آبادکاری ختم کرائے جائے، فلسطین میں پچاس ہزار تک لوگ شہید ہوچکے ہیں، دس ہزار تک وہ لوگ ہیں جو ملبے میں دب کر شہید ہوچکے ہیں اور انہیں ابھی تک نکالا نہیں گیا۔

فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں دنیا نے جس خاموشی کا مظاہرہ کیا ہم پاکستانی بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، جنوبی افریقا ہم سے بہتر ہے جو مسئلے کو عالمی عدالت انصاف میں لے گیا، ہم محض ایک کانفرنس کے ذریعے اس مسئلے کا حق ادا نہیں کرسکتے انہیں زبانی دعوے نہیں عملی مدد درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس امریکا و یورپ کے نظر میں دہشت گرد ہوگی مگر ہم کھل کر انہیں سپورٹ کرنے کا اعلان کرتے ہیں کہ وہ مجاہدین کی تنظیم ہے، بھارت کھل کر اسرائیل کی حمایت کررہا ہے مگر ہم کھل کر فلسطین کی حمایت نہیں کرپارہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل 7 اکتوبر اور یرغمالیوں کے نام پر فلسطین، لبنان اور مصر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، بلاول

سربراہ جے یو آئی ںے تجویز پیش کی کہ یہ کانفرنس حکومت سے کہے کہ بڑے مسلم ممالک کا گروپ بنایا جائے اور ایک مشترکہ حکمت عملی بنائے جائے، جنگ بڑھ کر لبنان اور یمن تک پہنچ چکی ہے، ایک چھوٹے سے ملک نے پوری دنیا کو بے چین کردیا، سعودیہ، پاکستان یا کوئی بھی ملک اس کی قیادت کرے۔

کانفرنس سے جماعت اسلام کے سربراہ حافظ نعیم، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما خالد مگسی، پی ایم ایل کیو کے رہنما چوہدری سالک، علیم خان، ایم ولی خان، جان محمد بلیدی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اسرائیلی جارحیت ختم کرائی جائے اور غزہ میں جنگ بندی کی جائے، کانفرنس کا اعلامیہ جاری

آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں متفقہ طور پر کہا گیا ہے کہ اسرائیل عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں جارحیت ختم کی جائے اور غزہ میں فوری جنگی بندی کی جائے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، او آئی سی، عرب لیگ اور دیگر عالمی برادری کی امن و استحکام کے لیے کی جارہی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ہم فلسطین کے عوام کو حصول آزادی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتا ہے جس کا دارالخلافہ القدس ہو، پاکستان نے فلسطین اور لبنان کے بھائیوں کے لیے امدادی سامان بھیجا ہے پاکستان اپنی امداد بھیجنے کی کوششوں کو دگنا کردے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔