بشنوئی گروپ نے دشمنی ختم کرنے کےلیے سلمان خان سے بڑی رقم کا مطالبہ کردیا

’’سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں تو پانچ کروڑ ادا کریں‘‘


ویب ڈیسک October 18, 2024
(فوٹو: فائل)

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو لارنس بشنوئی گروپ کی جانب سے ایک اور دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا ہے جس میں بشنوئی گروپ سے دشمنی ختم کرنے کےلیے پانچ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


واٹس ایپ پیغام میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو سلمان خان کا حشر مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیقی سے بھی برا ہوگا۔


اداکار سلمان خان کو اس سے قبل بھی بشنوئی گروپ کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں۔ حالیہ تازہ دھمکی ممبئی ٹریفک پولیس کو ایک واٹس ایپ پیغام کے ذریعے بھیجی گئی ہے۔


پیغام کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ''اسے ہلکا نہ لیں۔ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں اور لارنس بشنوئی کے ساتھ دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو انھیں پانچ کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ اگر رقم نہ دی گئی تو ان کی حالت بابا صدیقی سے بھی بدتر ہوجائے گی۔''


ذرائع کے مطابق ممبئی پولیس اس پیغام کی اصلیت کا پتہ لگانے کےلیے کام کررہی ہے اور سلمان خان کی باندرہ رہائش گاہ کے اردگرد سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔


یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہو۔ 2022 میں اداکار کو دھمکی آمیز خط ان کی رہائش گاہ کے قریب ایک بینچ سے ملا تھا اور مارچ 2023 میں مبینہ طور پر گینگ کے ارکان کی طرف سے ایک ای میل بھیجی گئی تھی۔


جنوری 2024 میں دو نامعلوم افراد نے جعلی شناخت کا استعمال کرتے ہوئے سلمان خان کے پنویل فارم ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے