پاکستان سے غزہ اور لبنان کیلیے امدادی سامان کی 13 ویں کھیپ روانہ

امدادی سامان میں موسم سرما کے خیمے، کمبل اور دیگر 100 ٹن اشیا شامل ہیں


ویب ڈیسک October 26, 2024

 

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے غزہ اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کے لیے امداد پر مبنی 13ویں کھیپ روانہ کردی۔
 
ترجمان کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پراین ڈی ایم اے غزہ اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان سے عمان (اردن) بھیجے گئے سامان میں 100 ٹن موسم سرما کے خیمے اور کمبل شامل ہیں۔
 
پاکستان سے مجموعی طور پر 1,381 ٹن امدادی سامان غزہ اور لبنان کے متاثرہ لوگوں کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ائرپورٹ پر امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں رکن پارلیمنٹ بیرسٹر عقیل ملک، پاکستان میں فلسطین کے سفیر زہیر ایم ایچ درزید، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے نمائندے موجود تھے ۔
 
تقریب کے دوران حاضرین نے فلسطین اور لبنان کی جنگ سے متاثرہ آبادیوں کو جاری تنازعات اور متاثرہ برادریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مصیبت میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ان کوششوں کو تقویت دینے کے لیے فلاحی تنظیموں اور پاکستانی عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
 
فلسطینی سفیر نے پاکستانی عوام کی جانب سے غزہ کے لیے غیر متزلزل حمایت اور فراخدلی سے انسانی امداد کے لیے تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں یکجہتی امید کی کرن اور ہماری اقوام کے درمیان پائیدار بندھن کا ثبوت ہے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی طرف سے انسانی امداد صرف ضروری سامان کی لائف لائن نہیں ہے بلکہ ہمدردی اور اتحاد کا ایک طاقتور پیغام ہے۔ اب تک پاکستان نے غزہ اور لبنان کے لیے 1281 ٹن امدادی اشیا پر مشتمل کل 12 کھیپیں روانہ کی ہیں۔ ان میں سے 10 کھیپیں (1,151 ٹن) غزہ بھیجی گئیں، جب کہ 2 امدادی کھیپیں (130 ٹن) لبنان بھیجی گئیں۔
 
اس کے علاوہ جنگ زدہ علاقے سے 71 پاکستانی شہریوں کو محفوظ انخلا کے لیے بھیجا گیا۔
 
ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان نے وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ اور لبنان کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ بھی قائم کیا ہے۔ اس فنڈ کا مقصد غزہ اور لبنان میں ان لوگوں کی مدد کے لیے عوامی عطیات جمع کرنا ہے جنہیں جنگ کی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے