لاہور؛ پیشی کے لیے عدالت جانے والا باپ 2 بیٹوں سمیت قتل

ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے، شبہ ہے کہ باپ بیٹوں کو دیرینہ عداوت پر قتل کیا گیا ہے، پولیس نے تفتیش شروع کردی


ویب ڈیسک November 02, 2024
باپ بیٹے رکشے پر عدالت جا رہے تھے کہ موٹر سائکل سوار ملزمان نے گولیاں مار کر قتل کردیا

لاہور:

 

عدالت میں پیشی کے لیے جانے والا شخص اپنے 2 بیٹوں سمیت سرِراہ قتل کردیا گیا۔
 
پولیس کے مطابق سگیاں روڈ پر ملزمان نے فائرنگ کرکے باپ اور 2 بیٹوں کو قتل کردیا۔ قتل ہونے والے رکشہ میں سوار باپ بیٹے عدالت میں پیشی کے لیے جا رہے تھے۔
 
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کرنے والے افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ شبہ ہے کہ باپ بیٹوں کو دیرینہ دشمنی پر قتل کیا گیا ہے۔ واقعے کے وقت فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص زخمی بھی ہوگیا۔
 
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے مقتولین کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے قانون کے مطابق فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
 
علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کرکے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کےلیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
 
مقتول کا سگا بھائی اور بھتیجے قاتل نکلے
لاہور کے علاقے شاہدرہ سگیاں پل  پر تہرے قتل کیس میں مقتول صفدر اور اس کے بیٹوں کا قاتل خود مقتول کا سگا بھائی اور بھتیجے نکلے۔ایس پی سٹی علی رضا کے مطابق قاتل عبدالغفور نے اپنے بیٹے محمد افضل کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اپنے بھائی اور بھتیجوں کو قتل کیا۔
 
محمد افضل کو 2015 میں مقتول صفدر اور اس کے بیٹوں نے قتل کیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ عبدالغفور اور اس کے بیٹوں کے خلاف درج کیا جا رہا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے 3 مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ملزمان اپنے گھروں میں تالے لگا کر فرار ہو چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے