ن لیگ نے پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں پیش کردی

قرارداد ن لیگ کی ایم پی اے عظمیٰ کاردار نے پیش کی، وفاقی حکومت سے فوری پابندی لگانے کا مطالبہ


ویب ڈیسک November 29, 2024

لاہور:

مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف پر پابندی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی، جسے ایوان میں ایم پی اے عظمیٰ کاردار نے پیش کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عظمی کاردار کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ یہ ایوان ایک مخصوص سیاسی پارٹی کی ملک بھر میں افرا تفری پھیلانے کی مذموم کوشش کی پر زور مذمت کرتا ہے، تحریک انصاف نے پر تشدد احتجاج سے ملک بھر میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا۔

متن میں لکھا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس اہلکاروں کو شدید زخمی کیا جبکہ انتشاور پسند ٹولے نے گاڑی سے روند کو تین رینجرز کے جوانوں اور دو پولیس کانسٹیبلز کو شہید کیا۔

قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ کے پی کے وزیر اعلیٰ نے دو بار وفاق پر لشکر کشی اور چڑھائی کی جس میں سرکاری ملازمین اسلحہ سے لیس آئے جبکہ کےپی پولیس نے ٹیئر گیس شیل اور سرکاری مشینری کا استعمال کیا۔

قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ سیاسی جماعت نے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پھر ایک دفعہ 9 مئی والے حالات پیداکرنے کی مذموم کوشش کی اور عوام کو ورغلا کر ادارے کے خلاف کھڑا کر کے وفاق پر حملے کے لیے اکسایا۔

قرارداد کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کو تحریک انصاف نے ہوا میں اڑایا جبکہ ان شرپسندوں کی وجہ سے ملک کوروزانہ190 ارب روپے کا نقصان ہوا جس سے جی ڈی پی کو 140 بلین ارب کا خمیازہ بھگتا پڑا۔

قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج احتجاج کی وجہ سے کریش ہوئی، بیلاروس کا وفد ہو یا شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس، اس فتنہ انگیز پارٹی نے ہر موقع پر پاکستان کو بد نام کرنے کی کوشش کی، ایف ڈی آئی کی راہ میں رخنے ڈالنے کی مذموم کوشش کی۔

قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان اب مزید اس شر انگیزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان وفاقی حکومت سے پر زور مطالبہ کرتا ہے کہ تحریک انصاف پر فوراً پابندی لگائی جائے تاکہ ملک کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں