چینی نوجوان کی ناک سے 20 سال بعد پانسہ نکال لیا گیا

23 سالہ نوجوان تقریباً ایک ماہ سے چھینکوں، ناک بند رہنے اور مسلسل ناک بہنے کی تکلیف میں مبتلا تھا


ویب ڈیسک November 30, 2024

چین میں مسلسل چھینکوں اور بہتی ناک کے مسئلے میں مبتلا ایک نوجوان کی ناک سے 20 برس سے زیادہ عرصے بعد ناک میں پھنسے پانسے کو نکال لیا گیا۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق شمالی چین کے صوبے شانشی سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ نوجوان شیاؤما تقریباً ایک ماہ سے چھینکوں، ناک بند رہنے اور مسلسل ناک بہنے کی تکلیف میں مبتلا تھا۔

روایتی چینی ادویات سے خود کا علاج کرنے میں ناکامی کے بعد شیاؤما نے طبی مدد کے لیے شیان گاؤشن اسپتال کا رخ کیا۔

کلینک کے میڈیکل ریکارڈ کے مطابق اسپتال نے ان میں الرجک رہائنٹس کی تشخیص کی اور بتایا کہ ان کی ناک میں کوئی چیز پھنسی ہوئی ہے۔

بعد ازاں یینگ رونگ کی جانب سے کی جانے والی نیسل اینڈو اسکوپی میں معلوم ہوا کہ شیاؤما کی ناک میں ایک پانسہ پھنسا ہوا ہے۔

یینگ نے بتایا کہ ناک کی اینڈو اسکوپی کے دوران دیکھا گیا کہ کوئی سفید سی بیرونی شے ناک میں اٹکی ہوئی ہے۔ اس کو نکالنے پر معلوم ہوا کہ یہ دو سینٹی میٹر کا ایک پانسہ ہے جو ناک کے اندرونی حصے کی بیرونی پرت کو نقصان پہنچا رہا تھا۔

شیاؤما نے اس متعلق بتایا کہ جب وہ تین یا چار برس کے تھے تو عین ممکن ہے کہ پانسہ حادثاتی طور پر ان کی ناک میں چلا گیا ہو۔ البتہ یہ بات واضح نہیں کہ وہ ناک کے اس حصے تک پہنچا کیسے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں