چیمپئینز ٹرافی؛ بھارتی حکومت، بورڈ کے الگ الگ موقف پر سوالات اُٹھ گئے

بھارتی دفتر خارجہ، نائب صدر کے بیانات نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا


ویب ڈیسک November 30, 2024

بھارتی بورڈ کے نائب صدر اور ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے دیے گئے بیانات میں الگ الگ موقف پر سوالات جنم لینے لگے۔


آئی سی سی کا چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی کے فیصلے کے لیے گزشتہ روز ہونے والا اہم اجلاس آج تک کےلیے ملتوی کردیا گیا ہے، تاہم 15 منٹ جاری رہنے والی میٹنگ میں کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔

گزشتہ روز بھارتی دفتر خارجہ اور بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے چیمپئینز ٹرافی سے متعلق اپنے بیان جاری کیے تھے جس میں دونوں کی جانب سے الگ الگ موقف اختیار کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ بھارتی بورڈ کے نائب صدر کا بیان بھی آگیا

بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کا اپنے بیان میں موقف تھا کہ چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت چل رہی ہے اور معاملے کو سلجھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ چیمپئینز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے سے متعلق جو حکومت کہے گی ہم وہی کریں گے، ٹیم کو بھیجنے سے متعلق فیصلہ حکومت کے ہاتھ میں ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان اپنے دو ٹوک مؤقف پر قائم، آئی سی سی اجلاس آج پھر ہوگا

دوسری جانب بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان سے بھی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران چیمپئینز ٹرافی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے حکومت کا موقف بتانے کے بجائے انڈین بورڈ کے بیان کا حوالہ دیا کہ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان میں سیکیورٹی تحفظات ہیں اور ایسے میں دورہ کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے میڈیا سے کہا کہ وہ اس حوالے سے بی سی سی آئی کا بیان دیکھے تاہم جمعہ کی شب تک بی سی سی آئی کا ایسا کوئی بیان پبلک نہیں کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ بھارتی سیاستدان بھی مودی کے دوغلے پن پر ناراض

دوسری جانب آئی سی سی کا کل ہونے والا اجلاس محض 15 منٹ جاری رہا جس میں پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل پر میزبانی کو مسترد کردیا جس پر دونوں بورڈز کو آج تک معاملات کو سلجھانے کا کہا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں