جنوبی بھارتی فلم پشپا 2: دی رول نے ریلیز سے پہلے ہی شائقین کے دلوں میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسرز نے اعلان کیا ہے کہ یہ فلم دنیا بھر میں 12,000 سے زائد اسکرینز پر ریلیز ہوگی، جو کسی بھی بھارتی فلم کی اب تک کی سب سے بڑی ریلیز ہوگی۔
پروڈیوسرز نے انکشاف کیا کہ پشپا 2: دی رول کا IMAX ورژن بھی ریلیز کیا جائے گا، جو اسے بھارتی سینما کی تاریخ میں سب سے بڑی IMAX ریلیز بنا دے گا۔ فلم کو 6 زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا، اور شائقین Cinedubs ایپ کے ذریعے کسی بھی زبان میں لطف اٹھا سکیں گے۔
یہ فلم 5 دسمبر 2024 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کو مشہور ہدایتکار سکمار نے ڈائریکٹ کیا ہے اور میتری مووی میکرز اور سکمار رائٹنگز کے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے۔ فلم کی موسیقی ٹی سیریز پر ریلیز کی گئی ہے، جس نے پہلے ہی کافی مقبولیت حاصل کر لی ہے۔
فلم کے پہلے پارٹ "پشپا: دی رائز" کی بے مثال کامیابی کے بعد شائقین فلم کے دوسرے حصے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ اللو ارجن اور رشمی کا مندنا کی جوڑی اس فلم میں دوبارہ جلوہ گر ہوگی، جس نے پہلے ہی توقعات کو آسمان پر پہنچا دیا ہے۔