بجلی صارفین کیلئے ونٹر پیکیج کی منظوری

نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ونٹر پیکیج کی میعاد 3 ماہ تک ہوگی


ویب ڈیسک December 06, 2024
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

نیشنل الیکٹرک ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کروائے گئے ونٹر پیکیج کی منظوری دے دی۔

نیپرا کے اعلامیے کے مطابق ونٹر پیکج سے صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین بھی فائدہ حاصل کرسکیں گے، وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ونٹر پیکیج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے  ہوگی۔

نیپرا کے مطابق ونٹر پیکیج میں گھریلو صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔

اسی طرح صنعتی صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ونٹر پیکیج کی میعاد 3 ماہ (دسمبر تا فروری) تک ہوگی اور نوٹی فکیشن جاری کرنے سے قبل ونٹر پیکیج کے فیصلے سے وفاقی حکومت کو مطلع کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں