پشپا 2: دی رول نے ریلیز کے صرف تین دن میں شاندار بزنس کر کے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا۔
فلم نے پہلے دن 72 کروڑ روپے کمائے، دوسرے دن 59 کروڑ روپے کا بزنس کیا، اور تیسرے دن مزید 74 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ یہ صرف ہندی ورژن کے اعداد و شمار ہیں، جبکہ فلم کا پین انڈیا بزنس اس سے کہیں زیادہ ہے۔
فلم نے بھارت کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی شاندار بزنس کیا ہے۔ میتری مووی میکرز کے مطابق، پشپا 2 نے صرف تین دنوں میں عالمی سطح پر 621 کروڑ روپے کا بزنس کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
پروڈکشن ہاؤس نے سوشل میڈیا پر لکھا، "باکس آفس تاریخ رقم کر رہا ہے! #Pushpa2TheRule نے 621 کروڑ روپے کے ساتھ کئی ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔"
چوتھے دن یعنی اتوار کو فلم کی ایڈوانس بکنگ کے رجحانات بتاتے ہیں کہ یہ فلم مزید بڑے اعداد و شمار حاصل کرے گی اور جلد ہی 1000 کروڑ روپے کا عالمی ہدف حاصل کر سکتی ہے۔
پشپا 2 کی ہدایتکاری سکمار نے کی ہے، اور اس میں الو ارجن، رشمیکا مندنا، اور فہد فاضل مرکزی کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔ فلم کو میتری مووی میکرز اور سکمار رائٹنگز کے بینرز کے تحت پروڈیوس کیا گیا ہے۔