نائیک آصف نوازشہید کی بیوہ ثمرین کوثر ہمت وعزم کی زندہ مثال

ثمرین کوثر ائیرپورٹ سیکورٹی فورس اکیڈمی میں تربیت حاصل کررہی ہیں


ویب ڈیسک January 25, 2025

نائیک آصف نواز شہید کی بیوہ ثمرین کوثر ہمت و عزم کی زندہ مثال بن گئیں۔  

نائیک محمد آصف نواز شہید کی بیوہ ثمرین کوثر نےاپنے شوہر کی شہادت کو اپنی طاقت،حوصلہ اور جینے کا مقصد بنالیا۔ نائیک محمد آصف نواز شہید پنجاب رجمنٹ کے دلیر سپاہی تھے۔ نائیک محمد آصف نواز شہید نے 22 نومبر 2017 کو سیاچن کے محاذ پر دفاع وطن میں جام شہادت نوش کیا تھا اور وہ سیاچین جانے سے قبل وہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کاحصہ بھی رہ چکے تھے۔ ان آپریشنز میں انہوں نے تین دہشتگردوں کو ہلاک  کیا۔

شہید نائیک آصف نواز کی اہلیہ  ثمرین کوثر نے اپنے شوہر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس( اے ایس ایف) کو جوائن کیا۔ ثمرین کوثر کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کی شہادت نے مجھے مزید مضبوط اور پرعزم بنا دیا۔ میں نے اپنے شوہر کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا تاکہ ان کی قربانی کو ہمیشہ زندہ رکھ سکوں۔ میں وردی پہن کر وطن کی حفاثت کرنا اپنا فرض سمجھتی ہوں۔ یہ میرا عزم ہے۔

پاک فوج نے ثمرین کوثر کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہیں اے ایس ایف میں شامل ہونے کا موقع دیا۔ ثمرین کوثر اب اے ایس ایف اکیڈمی کراچی میں تربیت حاصل کررہی ہیں اور ان کی پاسنگ آؤٹ قریب ہے۔ ان کی ہمت و قربانی ہر پاکستانی کے لیے مثال ہے اور ان کی کہانی حب الوطنی کی روشن علامت ہے۔ نائیک آصف نواز شہید اور ان کی اہلیہ جیسے عظیم لوگ قوم کا فخر ہیں۔ ان کی جدوجہد یہ پیغام دیتی ہےکہ شہداء کا خون وطن کے لئے لازوال محبت کی علامت ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں