وزیراعظم سمیت دیگر قائدین کی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کی تجدید

بھارت، مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کےلیےغیر قانونی اقدامات کر رہا ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک February 05, 2025
وزیراعظم شہباز شریف حکومتی اراکین کو ظہرانہ بھی دیں گے—فوٹو: فائل

قائم مقام صدرو سینیٹ چیئرمین، وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان، اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان کی حکومت کی طرف سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی مستقل حمایت کی تجدید کی ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی مستقل حمایت کی تجدید کی جاسکے۔ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے، ہر سال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کو اپنی تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق پر زور دیا جاتا ہے۔ افسوس کہ کشمیری عوام گزشتہ 78 سال گزرنے کے باوجود اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکے۔

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط، مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) دنیا کے سب سے بڑے قابض فوجی علاقوں میں سے ایک ہے۔ کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔ سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو طویل حراست میں رکھا جا رہا ہے اور ان کی جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہیں۔ کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کی نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعتوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ان جابرانہ اقدامات کا مقصد اختلاف رائے کو کچلنا ہے۔

بھارت، مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے۔ 5 اگست, 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد، بھارت کی کوششوں کا مقصد بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی اور سیاسی ماحول کو تبدیل کرنا ہے تاکہ کشمیری اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل ہو جائیں-

مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ دیرینہ تنازعات کو مزید طول نہیں دیا جانا چاہیے۔ مقامی لوگوں کی حقیقی امنگوں کو دبا کر دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے مفاد میں عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے۔

میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون رہے گا ۔ پاکستان کشمیری عوام کے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، حق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ میں اس موقع پر بہادر کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، جو اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد میں لاتعداد قربانیاں دے رہے ہیں۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اظہارِ یکجہتی کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان ہر محاذ پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں قابلِ مذمت ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، یومِ یکجہتی کشمیر، مظلوم کشمیری عوام سے عہدِ وفا کا دن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی دنیا کے ضمیر کا امتحان ہے، بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور مظالم قابلِ مذمت ہیں، پاکستان سفارتی، اخلاقی اور سیاسی سطح پر کشمیری عوام کے ساتھ ہے، یوم یکجہتی کشمیر عزم، حوصلے اور قربانیوں کی داستان ہے، کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے، 5 فروری مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے کا دن ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے، پاکستان کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے،
گزشتہ 78 برسوں سے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، کشمیری عوام نے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا، حق خودارادیت کے حصول کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ آج کے دن ہم نہتے اور مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، کشمیر کے بہادر جوانوں، ماﺅں اور بہنوں کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی،کشمیریوں کا خون مقدس خون ہے۔

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہئے، کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا خاتمہ ہونا چاہئے، پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیشہ ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اورصوبائی حکومت یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہیں، آزادی ،کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے۔ ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، آج کے دن ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کو چاہئے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں،

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کے لئے اپنا کردار ادا کرے، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے ، اس کے بغیرخطے میں دیر پاامن کا قیام ممکن ہی نہیں، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام جس طرح ایک طویل عرصے سے آزادی کے لیے جدو جہد کر رہےہیں اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی چئیرمین پی ٹی آئی تحریک نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جس طرح موثر اور توانا انداز میں کشمیر کا مسئلہ اُٹھایا، اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہم بانی چئیرمین کے وژن کے مطابق آزادی کی اس جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام یوم یکجہتی منانے پر اہل پاکستان کے شکرگزار ہیں، اہل پاکستان کی یکجہتی کے عمل سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جلد یابادیر کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہوگا، وہ وقت دور نہیں جب سارے کشمیر پر پاکستانی پرچم لہرائے جائیں گے، ہندوستان نے کشمیر کے محاذ پر کوئی ایڈونچر کیا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی آج بھر پور طریقے سے یوم یکجہتی کشمیر منائے گی، اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد میں بھارت کا منفی رویہ اور ہٹ دھرمی رکاوٹ ہے، اقوام متحدہ کشمیر میں استصواب رائے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سات دہائیاں گذرنے کے باوجود اقوام متحدہ کی جانب سے 1948اور 1949 کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے، بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ تسلط کا عالمی برادری نوٹس لے، ہمارے حکمرانوں نے کشمیریوں کے خون اور ناموس کو اپنی سیاست کے لئے استعمال کیا ہے، 5 فروری ظلم کے خلاف جدوجہد، حق کی حمایت اور آزادی کی تحریک کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ انصاف کے نام پر بنی اقوام متحدہ کشمیر کے لیے کب حرکت میں آئے گی؟ کشمیر کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بھارت کے مظالم تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، عالمی طاقتیں بھارتی ظلم پر کب بولیں گی؟

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہم کشمیریوں پر سالوں سے جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ ہر سطح پر اٹھائیں گے، حکومت سندھ کشمیری عوام کی حمایت میں ہر ممکن اقدام کرے گی، سندھ بھر میں کشمیر کے حق میں تقریبات اور ریلیوں کا انعقادکیا گیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، کشمیری عوام دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا، پاکستان ہمیشہ سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا حامی رہا ہے اور ہر عالمی فورم پر ان کے حق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں