علی امین گنڈاپور کا ویڈیو پیغام؛  عمران خان کی طرح 1971ء کا حوالہ

ہم جس راستے پر چل رہے ہیں، فارم 47 کی حکومت ملک کو مزید نقصان پہنچانے کے در پے ہے، وزیراعلیٰ پختونخوا


ویب ڈیسک February 06, 2025
علی امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کی—فوٹو: فائل

پشاور:

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے  اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے عمران خان کی طرح 1971ء کا حوالہ دیا ہے۔
 

اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے صوابی جلسے کے حوالے سے کہا ہے کہ پوری دنیا میں رہنے والے پاکستانیوں اور پاکستانی عوام کے لیے پیغام ہے۔ 8فروری یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لوگوں نے ووٹ دیا، اس منڈیٹ کو چوری کیا گیا۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ 1971ء  میں مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، جس سے پاکستان کو نقصان ہوا۔ ہم جس راستے پر چل رہے ہیں، فارم 47 کی حکومت ملک کو مزید نقصان پہنچانے کے در پے ہے۔ پاکستان کو جو نقصان ہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 8 فروری ہر سال یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ ہم سب نے پاکستان،  جمہوریت اور آئین کےلیے کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستانی جہاں جہاں بھی ہیں، وہ 8 فروری کو نکلیں اور احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ صوابی کے مقام پر جلسہ ہے، تمام پاکستانیوں کو آنا ہے۔ 8 فروری کو پیغام دینا ہے کہ ہم حق لینا بھی جانتے ہیں اور حق چھین کر لینا جانتے ہیں۔ ہم نے ایمان، یقین کے ساتھ عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان بھی اپنے بیان میں کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے خلاف جاری جبر ختم کیا جائے، بنگلادیش میں جو کچھ ہوا اس کی بڑی وجہ بھی ظلم ہے۔

اس کے علاوہ 26 مئی کو، عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ پر ان سے منسوب بیان کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی گئی  جس میں کہا گیا تھا کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا چاہیے اور جاننا چاہیے کہ اصل غدار کون تھا۔‘

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں