کراچی:
پاکستانی لڑکے کی محبت میں امریکا سے کراچی آئی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس کو بالآخر آج شب واپس امریکا روانہ کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون اونیجا کو کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایمریٹس ایرلائن کی پرواز ای کے 603 سے شب رات 10 بجے روانہ کیا گیا، ان کی روانگی امریکی قونصل خانے اور ایف آئی اے اہل کاروں کی نگرانی میں ہوئی۔
قبل ازیں آج جناح اسپتال کے خصوصی وارڈ میں زیرعلاج امریکی خاتون سے امریکی قونصل خانے کے اہل کاروں نے ملاقات کی تھی اور انہیں وطن واپسی کے لیے آمادہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کئی روز سے جناح اسپتال کے شعبہ نفسیات میں زیرعلاج امریکی خاتون کا ڈسچارج کارڈ بنانے کے لیے اسپتال کے عملے کو ہدایت کردی گئی تھی جس کے بعد جمعہ کی شب 8.40 پر انہیں اسپتال سے ڈسچارچ کردیا گیا تھا۔
جمعہ کی صبح اونیجا اینڈریو کے میڈیکل بورڈ نے انھیں سفر کرنے کے لیے فٹ قرار دیا تھا، جبکہ میڈیکل رپورٹ امریکی قونصلیٹ کو بھی ارسال کی گئی تھی، جس کے بعد اونیجا اینڈریوجمعہ کی شب ویمن پولیس اسٹیشن لے جایا گیا اور پھر وہاں سے لیڈی پولیس کے ہمراہ انھیں ائیرپورٹ پہنچایا گیا جہاں سے انہیں امریکا روانہ کردیا گیا۔
پس منظر
گارڈن ویسٹ کے نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر آنے والی امریکی خاتون کئی روز تک میڈیا کی زینت بنی رہی ، امریکی خاتون سے ہمدردی کی بنا پر رمضان چھیپا کو بھی سامنے آنا پڑگیا لیکن وہ نوجوان جس کی محبت میں امریکی خاتون شادی کے لیے آئی تو وہ اس تمام تر صورتحال میں تاحال منظر عام سے غائب رہا اور بالآخر امریکی خاتون اونیجا جمعے کی شب اپنی ناکام محبت کو خیر باد بول کر براستہ دبئی سے امریکا روانہ ہوگئی۔
امریکی خاتون اونیجا نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر گزشتہ سال اکتوبر میں کراچی آئی تھی جو کہ گارڈن ویسٹ میں قائم رہائشی عمارت علی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر نواجون ندال میمن سے شادی کی غرض سے اس کے پاس پہنچی تھی تاہم اونیجا کے سامنے آنے پر کچھ روز کے بعد نوجوان ندال میمن اور اس کے اہلخانہ فلیٹ کو تالا لگا کر نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے جبکہ امریکی خاتون اونیجا نے اپنی محبت کی رہائشی عمارت کی پارکنگ میں ہی ڈیرا ڈال دیا اور اپنی محبت کو پکارتی رہی لیکن نوجوان ندال میمن امریکی خاتون اونیجا کو چھوڑ کر ایسا غائب ہوا کہ اس نے منظر عام پر آنے کی زخمت تک گوارا نہیں کی۔
امریکی خاتون کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ٹی وی چینلز اور یو ٹیوبرز کا تناتا بند گیا جس کی وجہ سے فلیٹ کے مکینوں کے بیانات بھی سامنے آئے کہ امریکی خاتون کی وجہ سے ان کے معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں جبکہ اس دوران ٹی وی چینلز کے نمائندوں نے امریکی خاتون سے بات چیت کرنے کی کوشش کی تو اس نے بات کرنے کے عوض 5 ہزار ڈالرز کا بھی تقاضہ کیا۔
امریکی خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولیس بھی حرکت میں آئی اور خاتون ڈی ایس پی ڈیفنس اور گارڈن پولیس امریکی خاتون کو بات چیت کے بعد اپنی تحویل میں لیکر چلے گئے تاہم کچھ دیر کے بعد دوبارہ امریکی خاتون کو واپس گارڈن ویسٹ میں ندال میمن کی رہائشی عمارت چھوڑ کر چلے گئے اور اس کی حفاظت کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا۔
امریکی خاتون گارڈن ویسٹ کی عمارت آن لائن ٹیکسی کر کے ٹیپو سلطان کے علاقے نرسری کے گیسٹ ہاؤس پہنچی تو اسے انتظامہ نے رہائش دینے سے انکار کر دیا جس کے بعد ٹیپو سلطان پولیس نے موقع پر پہنچ اور امریکی خاتون کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا بعدازاں چھیپا فاؤنڈیشن سربراہ رمضان چھیپا کو سامنے آنا پڑا اور انھوں نے انسانی ہمدردی کے ناتے امریکی خاتون کو ٹیپو سلطان پولیس سے اپنی تحویل میں لے کر چھیپا فاؤنڈیشن منتقل کیا جہاں اسے علیحدہ کمرہ ، کپڑے اور کھانے پینے کا سامان فراہم کیا گیا۔
اگلے روز امریکی خاتون کے ہمراہ رمضان چھیپا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی خاتون سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ انھوں نے امریکی خاتون کی فرمائش پر اسے میکڈونلڈ لے جا کر اس کا پسندیدہ برگر اور دیگر چیزیں بھی کھلائیں تاہم بعدازاں امریکی خاتون دوبارہ ندال میمن کی رہائش گاہ گارڈن ویسٹ چلی گئی اور اپنی محبت کو پکارتے ہوئے بھی سنائی دی
بعدازاں امریکی خاتون کی دماغی حالت کو دیکھتے ہوئے اسے علاج معالجے کی غرض سے جناح اسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں کچھ روز تک اس کا علاج جاری رہا ، جمعے کی شب امریکی خاتون اونیجا کی آن لائن محبت کا ڈراپ سین ہوگیا جس کے بعد وہ اپنی محبت کو چھوڑ کر براستہ دبئی امریکا روانہ ہوگئی۔