راکیش روشن کینسر سے کیسے صحتیاب ہوئے؟ فلمساز کا انکشاف

راکیش روشن نے اپنی جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اصل طاقت ذہنی مضبوطی میں ہے


ویب ڈیسک February 08, 2025

بھارتی فلمساز اور ماضی کے معروف اداکار راکیش روشن نے اپنی کینسر سے صحت یابی کی حوصلہ افزا کہانی بیان کی ہے۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکیش روشن نے انکشاف کیا کہ کینسر کے آپریشن سے قبل وہ اپنے بیٹے ہریتک روشن کے ساتھ باقاعدگی سے جِم میں ورزش کیا کرتے تھے۔ 

گلے کے کینسر کو شکست دینے والے راکیش روشن نے اپنی جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اصل طاقت ذہنی مضبوطی میں ہے اور یہی چیز مشکلات کا سامنا کرنے میں مدد دیتی ہے۔ 

اپنے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ آپریشن سے پہلے انہوں نے ایک گھنٹہ جم میں ورزش کی، اس کے بعد تیار ہو کر اسپتال گئے۔ ان کا آپریشن دوپہر ایک بجے شروع ہوا، چار بجے وہ اسپتال کے کمرے میں منتقل کیے گئے، اور شام پانچ بجے وہ اپنے پیروں پر چلنے کے قابل ہو گئے تھے۔ 

راکیش روشن کا کہنا تھا کہ 2018 میں انہیں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔ وہ اس وقت ہریتک کے گھر پر تھے جہاں کیے گئے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں زبان کاٹنے اور گرافٹنگ کی تجویز دی، جس پر وہ خوفزدہ ہوگئے کیونکہ وہ ایسا کچھ نہیں کروانا چاہتے تھے تاہم انہوں نے ہمت سے کام لیا اور عزم کیا کہ وہ ٹھیک ہوجائیں گے۔ 

انہوں نے انکشاف کیا کہ کینسر سے لڑنے کی ہمت انہیں اپنی بیٹی سے ملی، جو پہلے ہی اس بیماری سے نبرد آزما ہوچکی تھی۔ اسی حوصلے کے ساتھ انہوں نے بیماری کو ہلکا لینا شروع کیا اور حتیٰ کہ آپریشن کے دن بھی ورزش کرنے کے بعد اسپتال گئے۔

راکیش روشن کا کہنا تھا کہ صحت مند زندگی کیلئے ورک آؤٹ بےحد ضروری ہے اور وہ آج بھی اپنے بیٹے کے ساتھ جِم میں زیادہ وقت گزارتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں