حماس نے اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت مزید 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا۔
الجزیرہ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے تحت پانچویں تبادلے کے دوران غزہ کے وسطی علاقے دیر البلاح میں ایک مقام سے ایلی شرابی، اور لیوی اور اوہاد ببن امی کو رہا کر دیا گیا۔
یرغمالیوں کو انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ارکان نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
اس موقع پر حماس نے یرغمالیوں کو رہائی کے سلسلے میں ایک اسٹیج بنایا جہاں ں درجنوں نقاب پوش جنگجو موجود تھے۔
حماس کے میڈیا دفتر نے بتایا کہ ان یرغمالیوں کے بدلے اسرائیل 183 فلسطینی قیدیوں اور نظربند شہریوں کو رہا کرے گا جن میں 18 فلسطینی عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، 54 طویل سزائیں کاٹ رہے ہیں اور 111 غزہ تنازع کے دوران حراست میں لیے گئے شہری شامل ہیں۔
گزشتہ ہفتے بھی حماس نے 3 اسرائیلی اسیروں کو رہا کیا تھا جن اوفر کالڈیرون، کیتھ سیگل اور یارڈن بیباس شامل تھے، غزہ میں قیدیوں کے چوتھے تبادلے میں 183 فلسطینی اسیران کو اسرائیلی جیلوں سے آزاد کیا گیا تھا۔
براہ راست ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ حماس نے غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی یرغمالیوں کو ہلال احمر کے عہدیداروں کے حوالے کیا۔