لاہور:
تھانہ گجرپورہ کے علاقے سے اغواء ہونے والے 10 سالہ زمان کو اغواء برائے تاوان سیل نے چند گھنٹوں میں بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
اس کامیاب کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 80 لاکھ روپے تاوان کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
ڈی ایس پی میاں انجم توقیر کے مطابق ملزمان نے بچے کے والدین سے 3 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، تاہم بچے کے والد نے 80 لاکھ روپے تاوان کی رقم دی۔ چوہنگ کے علاقے میں اغواء برائے تاوان سیل اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا لیکن پولیس ٹیم محفوظ رہی۔
گرفتار ملزمان میں ابرار حسن، محمد عدیل اور محمد بابر شامل ہیں۔ ایس پی نارتھ فرقان بلال نے بتایا کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلی جنس اور تجربہ کار افسران کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو پراسیکیوشن پارٹنرشپ کی مدد سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی آئی جی (OCU) عمران کشور نے ڈی ایس پی میاں انجم توقیر اور ان کی ٹیم کو اس کامیاب کارروائی پر شاباش اور تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیے۔ ایس پی فرقان بلال کے مطابق، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔