اسلام آباد:
سینیٹ کمیٹی برائے امور خارجہ کے اجلاس میں ٹرمپ کے خلاف قرارداد لانے کے لیے سینیٹر عرفان صدیقی کے پی ٹی آئی سے اجازت مانگنے پر کمیٹی زعفران زار بن گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے اجلاس میں اس وقت زبردست قہقہہ پڑا جب کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے اچانک کمیٹی کے رکن اور پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر علی ظفر کو مخاطب کیا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ علی ظفر صاحب! آپ ناراض نہ ہوں تو ہم سینیٹ سے ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے خلاف قرارداد لانا چاہتے ہیں، اس پر سارے ارکان ہنس پڑے خود علی ظفر بھی ہنس دیے، ایوان زعفران زار بن گیا۔