ڈائرکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے اپنے2 روزہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستان میں نیوکلیئر سائنس کے شعبے میں خواتین کی شرکت کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ، ڈاکٹررافیل ماریانو گروسی 2 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں، اس دوران انہوں نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے شعبے میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اشتراک سےمختلف تقاریب میں شرکت کی اور دورے کیے، ڈاکٹررافیل ماریانو گروسی نے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ،ڈاکٹر راجہ علی رضا انور اور کمیشن کے ارکان سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان میں جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ بالخصوص IAEA کے "ایٹمز فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ" پروگرام کو نافذ کرنے میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈی جی آئی اے ای اے نے پاکستان نیوکلئیر ریگولیٹری اتھارٹی میں "نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی میں خواتین کے لئے مواقع‘‘ کے حوالے سے سیمینار میں شرکت کی، سیمنار کا مقصد پرامن مقاصد کیلئے نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے استعمال میں پاکستانی خواتین کے کردار اور شراکت کو بڑھانا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں نیوکلیئر سائنس کے شعبے میں خواتین کی شرکت حوصلہ افزا ہے، رافیل ماریانو گروسی نے کہا کہ خواتین پاکستان میں تمام اہم عہدوں بلخصوص نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنے کیریئر کو آگے بڑھا رہی ہیں، نیوکلیئر سائنسز نے صحت کے شعبے بلخصوص کینسر کی تشخیص اور علاج میں اہم کردار ادا کیا، خواتین کی سائنسی علوم میں شرکت عالمی مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے۔
رافیل ماریانو گروسی نے کہا کہ غذائی تحفظ، صحت عامہ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سائنسی میدان میں خواتین کی بھرپور شمولیت ناگزیر ہے۔
ڈی جی آئی اے آی اے نے نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں پاکستانی خواتین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ سائنس کے میدان میں خواتین کی شمولیت اور ان کے کردار کے بارے میں آگاہی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بعدازاں ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے سینٹر فار انٹر نیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی کابھی دورہ کیا اور کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں نیوکلیئر سائنسز اور ٹیکنالوجی کا کردار اہم ہے، پاکستان کی IAEA کے ساتھ شراکت داری کی اہم تاریخ ہے، بین الااقوامی سطح پر ترقی اور انسانیت کی بھلائی کے لئے نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال اہم ہے۔
سیمینار میں ملکی اقتصادی ترقی کے لئے زراعت، صحت اور بجلی کی پیداوار کے شعبے میں جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔