راولپنڈی میں گلی سے نامعلوم کم سن لڑکے کی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کالا خان سے نامعلوم کم سن لڑکے کی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کو رات گئے گلی میں پھینک دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کم سن لڑکے کو ملزمان نے گلے پر تیز دھار آلہ پھیر کر قتل کیا۔تھانہ صادق آباد پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ جائے وقوعہ سے فرانزک شوائد حاصل کیے گئے۔
پولیس کے مطابق لاش کی شناخت محمد طلال کے نام سے ہوئی۔ مقتول محمد طلال کی عمر 16 سال تھی اور وہ نویں جماعت کا طالبعلم تھا۔
محمد طلال گزشتہ رات سے لاپتا تھا اور اس کے مبینہ اغوا کیے جانے کی درخواست پولیس کو دی گی تھی۔پولیس نے بچے کے والد صلاح الدین کے بیان پر دولت خان نامی شخص کے خلاف اغوا کا مقدمہ بھی درج کررکھا تھا ۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 کا اضافہ کیا جارھا ہے۔ نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی جاری ہیں۔