راولپنڈی:
غیرت کے نام پر اپنی ہونے والی بہو کو قتل کرنے والا چچا گرفتار کرلیا گیا۔
جاتلی کے علاقے میں 17 سالہ لڑکی کے قتل کے مقدمے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پولیس نے غیرت کے نام پر اپنی سگی بھتیجی اور ہونے والی بہو کو قتل کرنے والے چچا کو گرفتار کرلیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: 17 سالہ طالبہ غیرت کے نام پر ہونے والے سسرکے ہاتھوں قتل
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم وسیم نے زہر دے کر اپنی بھتیجی نعلین زہرہ کو قتل کیا۔ ملزم/ ملزمان نے قتل کے بعد لاش کی تدفین کروا دی اور واقعے کو طبعی موت ظاہر کرنے کی کوشش کی۔
مقتولہ کی پراسرار وفات کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں پولیس کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر کے قبر کشائی و پوسٹ مارٹم کروایا گیا۔
واقعے میں ملوث مرکزی ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔