گوجرانوالہ: چار شہریوں کو قتل کرکے برطانیہ فرار ہونے کی کوشش کرنے والے پانچ ملزمان کو سیالکوٹ ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار معصوم شہریوں کے قاتلوں کی بیرون ملک فرارہونے کی کوشش ناکام بنادی اور قتل کے مقدمے میں مطلوب 5 ملزمان کو سیالکوٹ ائیرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان چار معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان میں مجتبیٰ، مرتضیٰ، محمد ہارون، محمد ظہیر اور چوہدری فیصل شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے قتل کر کے برطانوی پاسپورٹ پر بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کی، ملزمان فلائٹ نمبر EK619 کے ذریعے برطانیہ فرار ہو رہے تھے، گرفتار ملزمان جہلم پولیس کو مطلوب تھے جن کے خلاف گزشتہ روز تھانہ منگلا کینٹ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا، ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے ملزمان کو بعد ازاں منگلا کینٹ پولیس کے حوالے کردیا۔