بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اپنی 544ویں فلم کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس میں وہ ساوتھ انڈین سپر اسٹار پربھاس کے ساتھ نظر آئیں گے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے پربھاس کو ’باہوبلی آف انڈین سنیما‘ قرار دیا۔
یہ فلم معروف ہدایتکار ہنو راگھوپودی کی ہدایت میں بن رہی ہے، جو اس سے قبل سپرہٹ فلم ’سیتا رامم‘ بنا چکے ہیں۔ فلم کو میتری مووی میکرز پروڈیوس کر رہے ہیں، جبکہ سدیپ چٹرجی اس کے سینماٹوگرافر ہیں۔
انوپم کھیر نے پوسٹ میں لکھا، "کمال کی کہانی ہے اور کیا چاہیے لائف میں؟" جس سے فلم کے زبردست ہونے کا اشارہ ملتا ہے۔
اداکار نے حال ہی میں او یو (OYO) کے بانی ریتیش اگروال کے اندر چھپے اداکار کو بھی دریافت کیا۔ انہوں نے ریتیش کو ایک سین کرنے کے لیے کہا، جسے مکمل ہونے میں گیارہ ٹیک لگے۔ بعد میں انوپم کھیر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’ہر شخص کے اندر ایک اداکار چھپا ہوتا ہے!‘
انوپم کھیر اور پربھاس کی اس نئی فلم کے بارے میں مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔ کیا یہ فلم ایکشن ہوگی یا ڈرامہ؟ یہ دیکھنا ابھی باقی ہے، مگر ایک بات طے ہے کہ بالی ووڈ اور ساوتھ کا یہ امتزاج بڑی اسکرین پر دھماکہ مچانے والا ہے۔