کراچی:
راولپنڈی میں برطانیہ سے آئی فیملی کو ڈاکوؤں نے لاکھوں مالیت کے زیورات سے محروم کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے تھانہ مندرہ کے علاقے میں واردات کے دوران برطانیہ پلٹ فیملی سے 30 ہزار روپے نقدی، شاپنگ کا سامان اور 45 لاکھ روپے مالیت کے 15 تولے زیورات و ہیرے کی انگوٹھی چھین لی۔
احسن لطیف نامی شہری نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اہلیہ اور بچوں کے ساتھ پاکستان آئے تھے اور جی ٹی روڈ پر مال سے شاپنگ کے بعد واپس جا رہے تھے کہ اچانک مسلح کار سواروں نے ان کی گاڑی کو روک لیا۔
ڈاکوؤں نے اسلحے کی نوک پر 30 ہزار روپے کی نقدی اور شاپنگ کا سامان چھین لیا جبکہ گاڑی میں سوار خاتون سے زبردستی 15 تولے کے زیورات اور ہیرے کی انگوٹھی بھی اتروالی۔ ملزمان کارروائی کے بعد با آسانی فرار ہوگئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ مدعی احسن لطیف نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی رقم اور زیورات جلد برآمد کرائے جائیں۔