اسلام آباد:
پاکستان میں موجود عالمی بینک کا وفد تربیلا ڈیم کا دورہ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق عالمی بینک کا وفد اس وقت پاکستان میں موجود ہے۔ 9 ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پر مشتمل وفد نے اب تک وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔
عالمی بینک کے وفد کی پاکستان میں وزیر خزانہ، وزیر اقتصادی امور، وزیر منصوبہ بندی، وزیر توانائی سے ملاقاتیں طے ہیں ، جن میں 40 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کے لیے مؤثر عملدرآمد پر بات ہوگی۔
ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کا یہ 20 سال بعد پاکستان کا دورہ ہے، اس دوران کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے موثر نفاذ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہو گا۔وفد ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لینے اور حکمت عملی بنانے کے لیے صوبوں کا دورہ بھی کرے ۔
ذرائع کے مطابق عالمی بینک کا وفد اپنے دورۂ پاکستان کے دوران تربیلا جھیل اور پاور اسٹیشن کا دورہ کرے گا، جہاں ورلڈ بینک کے نمائندے توسیعی کام کا جائزہ لیں گے۔ علاوہ ازیں عالمی بینک کا وفد ٹیکسلا کا بھی دورہ کرے گا۔