ہیٹ ٹرک گیند پر کیچ ڈراپ، روہت کی اکشر سے معذرت

روہت شرما کے کیچ ڈراپ کرنے کے بعد ذاکر علی نے شاندار 68 رنز کی اننگز کھیلی


ویب ڈیسک February 21, 2025

بنگلا دیش کیخلاف چیمپئنز ٹرافی میچ میں بھارتی اسپنر اکشر پٹیل ہیٹ ٹرک سے محروم رہ گئے۔

 کپتان روہت شرما نے کیچ ڈراپ کرنے پر بولر سے معذرت کرلی، ذاکر علی کا کیچ سلپ میں روہت کی جانب گیا لیکن کپتان گیند کو تھام نہیں سکے۔

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 49.4 اوورز میں 228 رنز پر آل آؤٹ ہوئی اور بھارت کو جیت کے لیے 229 رنز کا ہدف دیا۔

بنگلادیش کی آدھی ٹیم 35 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد توحید ریدوئے اور ذاکر علی نے شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل سے نکالا۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی؛ بھارت نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

توحید ریدوئے نے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی اور 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ذاکر علی نے 68 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، تنزید حسن نے 25 رنز بنائے۔

میچ کے نویں اوور میں اکشر پٹیل نے اپنے اوور کی دوسری اور تیسری گیند پر تنزید حسن اور مشفیق الرحیم کو پویلین کی راہ دکھائی اور تیسری بال پر ہیٹ ٹرک کرنے والے تھے۔

اسپنر نے ذاکر علی کو گیند کروائی اور ایج لگ کر کیچ روہت شرما کے پاس سلپ میں گیا جو انہوں نے ڈراپ کردیا جس کی وجہ سے اکشر پٹیل ہیٹ ٹرک نہیں کرسکے۔

روہت شرما کے کیچ ڈراپ کرنے کے بعد ذاکر علی نے شاندار 68 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا ٹوٹل 228 رنز تک بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ کے بعد پریزنٹیشن میں گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما نے ذاکر علی کا کیچ چھوڑنے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک آسان کیچ تھا، مجھے وہ کیچ پکڑ لینا چاہیے تھا۔

روہت شرما نے کہا میں نے اپنے لیے جو معیار مقرر کیا ہے خاص طور پر فرسٹ سلپ میں کھڑے ہو کر اس لحاظ سے یہ قدرے مایوس کن تھا، لیکن ایسا ہوتا رہتا ہے۔  انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اکشر پٹیل کو کل رات ڈنر پر لے جاؤں گا۔

مقبول خبریں