حماس نے 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دیں، 620 فلسطینی قیدیوں کی رہائی متوقع

یہ لاشیں اتساحی عیدان، ایتسیک الجریط، اوھاد یہلومی، اور شلومو منصور کی ہیں


ویب ڈیسک February 27, 2025

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے چار اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دی ہیں اور اب اسرائیل کی جانب سے معاہدے کے تحت 620 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے بتایا ہے کہ یہ لاشیں کچھ دیر قبل ریڈ کراس کے سپرد کی گئیں اور اب فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا انتظار ہے، انہوں نے بتایا کہ یہ لاشیں اتساحی عیدان، ایتسیک الجریط، اوھاد یہلومی، اور شلومو منصور کی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی اہلکار نے بھی اس کی تصدیق کی ہے اور اب ریڈکراس کا ایک قافلہ درجنوں رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کو لے کر اسرائیل کی اوفر جیل سے روانہ ہوا ہے، معاہدے کے تحت اسرائیل کی جانب سے 620 فلسطینی قیدیوں کی رہائی متوقع ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق 600 سے زائد فلسطینی قیدی جو پچھلے ہفتے رہا ہونے تھے لیکن اسرائیل کی جانب سے ان کی رہائی روک دی گئی تھی تاہم انہیں آج رہا کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حماس اور اسرائیل کے درمیان 4 مزید یرغمالیوں کی لاشوں کے بدلے 620 فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر اتفاق ہوا تھا۔

مقبول خبریں