دارالعلوم حقانیہ : مولانا حامد الحق کی جگہ ان کے بھائی راشد الحق نائب مہتمم مقرر

عوامی حمایت سے مولانا عبدالحق ثانی کو اپنے شہید والد حامد الحق کا سیاسی جانشین بھی بنادیا گیا


ویب ڈیسک March 01, 2025

پشاور:

دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے نائب مہتتم مولانا حامد الحق کی شہادت کے بعد ان کے بھائی مولانا راشد الحق کو نائب مہتمم مقرر کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا حامد الحق حقانی شہید سمیت دیگر شہدا کا جنازہ دارالعلوم حقانیہ میں پڑھایا گیا، ہزاروں علما و مشائخ، سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت عوام کے جم غفیر نے شرکت کی۔

جنازے کے موقع پر مولانا عرفان الحق حقانی نے حقانی خاندان اور مشائخ دارالعلوم حقانیہ کی ترجمانی کرتے ہوئے متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ مولانا راشد الحق حقانی بن مولانا سمیع الحق شہید اتفاق رائے سے دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم ہوں گے۔

انہوں نے جنازہ میں شریک تمام افراد سے ہاتھ اٹھا کرکے مولانا راشد الحق سمیع کی بطور نائب مہتمم اور مولانا عبدالحق ثانی کو اپنے شہید والد کا سیاسی جانشین بننے کی تائید حاصل کی۔

مجمع میں ہزاروں علماء و طلباء اور عامة المسلمین نے اس تجویز کی توثیق کرتے ہوئے مولانا راشد الحق سمیع اور مولانا عبدالحق ثانی کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ہم اعلائے کلمة اللہ اور اس ملک میں قیام امن کے لئے مولانا حامد الحق شہید  کے مشن میں آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے

نومنتخب نائب مہتمم مولانا راشد الحق حقانی نے جنازے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے ہمارے آبا و اجداد نے اس کی بقا کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہمارے والد مولانا سمیع الحق شہید اور برادرم مولانا حامد الحق شہید بھی اس ملک کے لیے قربان ہوگئے۔

مولانا عبدالحق ثانی نے کہا کہ ہم حق کا راستہ کبھی نہیں چھوڑیں گے، یہ دھماکے، حملے اور دھمکیاں ہمارے مشن میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال سکتے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک حقانی خاندان کا ایک فرد بھی زندہ ہو ہم مولانا سمیع الحق شہید کا مشن اور حق کاراستہ نہیں چھوڑیں گے،میں دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ دین اور اسلام پر کبھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

جنازے کے بعد مولانا حامد الحق حقانی شہید کو شہید والد مولانا سمیع الحق شہید کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مقبول خبریں