اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف آج اہم دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے جہاں دہشت گردی کی روک تھام کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
کوئٹہ آمد پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو سانحہء جعفر ایکسپریس کے تناظر میں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی اور دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے اہم فیصلے بھی کیے جائیں گے۔
وزیراعظم سیاسی رہنماؤں اور عمائدین سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیر اعظم سانحہ جعفر ایکسپریس میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ میں بھی شریک ہوں گے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی اجلاس میں شرکت کے لیے کوئٹہ پہنچیں گے۔
مزید پڑھیں؛ جعفر ایکسپریس حملہ؛ آپریشن مکمل، 21 افراد اور 4 جوان شہید، تمام 33 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرلیا جہاں فوج کے 4 جوانوں سمیت 21 مسافر شہید ہوئے جبکہ تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 11 مارچ کو تقریباً ایک بجے کے قریب بولان کے علاقے اوسی پور میں ریلوے ٹریک دھماکے سے اڑا دیا اور جعفر ایکسپریس کو روکا، ریلوے حکام کے مطابق اس ٹرین میں 440 افراد سوار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ علاقہ آبادی سے دور دشوار گزار ہے، دہشت گردوں نے پہلے یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا، جس میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔