عمران خان کے پیچھے غیرمرئی قوتوں کا ہاتھ ہے فضل الرحمن

تحریک انصاف کے دھرنے کی کوئی اہمیت ہے اور نہ حکومت کو اس مارچ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہے، سربراہ جمعیت علمائے اسلام


Numainda Express August 01, 2014
دہشت گردی کا حل آپریشن نہیں،مسئلے کومل بیٹھ کرحل کیا جاسکتا تھا، مولانا فضل الرحمٰن۔ فوٹو: فائل

PARIS: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے دھرنے کی کوئی اہمیت ہے اور نہ ہی حکومت کو اس قسم کی مارچ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہے، عمران خان کے پیچھے غیر مرئی قوتوں کا ہاتھ ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کاحل آپریشن نہیں ہے، اس مسئلے کومل بیٹھ کر حل کیا جاسکتا تھا مگرحکومت وقت نے آپریشن کوفوقیت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اسلام آباد میں 14 اگست کودھرناکسی اہمیت کاحامل نہیں، خواہ مخواہ اس دھرنے کواہمیت دی جارہی ہے اور نان ایشوکوایشو بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سب کومعلوم ہے کہ عمران خان کے پیچھے غیرمرئی قوتوں کاہاتھ ہے اوروہ انھیں ایسی باتوں پر اکسا رہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان کی جو ڈیوٹی لگائی گئی ہے وہ اپنی ڈیوٹی پوری کریں نہ کہ ایسے اقدام کریں جس سے ملک میں انارکی پھیلے۔ حکومت کوعمران خان کے لانگ مارچ سے خوفزدہ ہونے کی ہرگزضرورت نہیں۔ تحریک انصاف اوچھے ہتھکنڈوں سے جمہوریت کونقصان نہیں پہنچا سکتی ۔انھوں نے کہا کہ عمران خان خیبرپختونخواہ میں اپنے انتخابی وعدے وفا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت خیبرپختونخواہ کی عوام کوریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت کوکوئی بھی ختم نہیں کرے گایہ خودبخودختم ہوجائے گی۔