کراچی فائرنگ کے واقعات میں 2 سیاسی کارکنوں سمیت 3 ہلاک

قصبہ کالونی میں پی پی کے کارکنوں وزیر خان اور غلام نبی کو موٹرسائیکل سواروں نے نشانہ بنایا


Staff Reporter August 02, 2014
چاکیواڑہ میں28سالہ عاطف نشانہ بنا،مختلف علاقوں میں فائرنگ سے5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پیپلز پارٹی کے2 کارکنان سمیت3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ خاتون سمیت5 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پیرآباد کے علاقے قصبہ کالونی بلوچ گوٹھ میں واقع ہوٹل کے باہر بیٹھے ہوئے2 افراد پر موٹر سائیکل پر سوار ملزمان فائرنگ کردی جس کے نتیجے دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ، پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت وزیر خان اور غلام نبی کے نام کی گئیں جو پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن اور اسی علاقے کے رہائشی تھے جبکہ مقتول وزیر خان کا تعلق افغانستان سے تھا جبکہ ملزمان کا ہدف بھی وہی تھا ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل عابدی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد ان کے کارکنان تھے جبکہ مقتول غلام نبی سابق کونسلر بھی رہ چکا ہے ، پولیس واقعہ کی ذاتی دشمنی سمیت دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے ، چاکیواڑہ کے علاقے الفلاح روڈ بہار کالونی بینک والی گلی میں واقع پرچون کی دکان پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ28 سالہ عاطف ولد مصطفیٰ شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول دکان سے متصل مکان میں ہی رہائش پذیر تھا اور واقعے کے وقت اپنی دکان کے اندر موجود تھا کہ ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے اس پر فائرنگ کر دی پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے 4 خول ملے ہیں جنھیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بھتہ خوری کا معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہے ، موچکو کے علاقے مواچھ گوٹھ 2 نمبر میں فائرنگ سے 45 سالہ حکیم ، گارڈن چڑیا گھر کے قریب فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد 35 سالہ شازیہ اور 28سالہ محمد ہاشم زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا، گلستان جوہر کے علاقے حسین ہزارہ گوٹھ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 20 سالہ عمران زخمی ہوگیا جبکہ پی آئی بی کالونی میں فائرنگ سے 35 سالہ صبغت اﷲ زخمی ہوگیا پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا۔