بھارتی حملے کیخلاف حکومتی اور اپوزیشن شخصیات یک زبان، دشمن کو بھرپور جواب دیا جائے گا

مودی نے ابتدا کر دی اور اختتام اب پاکستان کرے گا، سینیٹر شیری رحمان کا بھارتی حملے پر سخت ردعمل


ویب ڈیسک May 07, 2025

اسلام آباد:

بھارتی حملے کیخلاف حکومتی اور اپوزیشن شخصیات یک زبان ہوگئیں اور دشمن کو بھرپور جواب دینے کا بھی اعلان کر دیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سرزمین اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا، بھارتی جارحیت کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج، خصوصاً ہماری جانباز فضائیہ، پوری عزم و حوصلے کے ساتھ جواب دے رہی ہیں اور کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بھارت کے بزدلانہ اور بلا اشتعال حملوں میں مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد کے شہری علاقوں کو نشانہ بنانا جنگی جارحیت ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری معصوم خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا طاقت نہیں بلکہ درندگی ہے، بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کو کچل دیا جائے گا، ہم اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھارتی جارحیت کے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا مونہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، پاکستانی قوم متحد ہے اور بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کے حوصلے بلند ہیں اور عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان امن کا داعی ہے، لیکن دفاع سے غافل نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے، پنجاب کی سرزمین غازیوں اور شہداء کی امین ہے اور اس سرزمین پر آج رات بہنے والا معصوموں کا خون ہم پر قرض ہے۔ پوری قوم پاکستان پر مسلط کی گئی اس جنگ میں پاک فوج کےساتھ کھڑی ہے۔

مریم نواز شریف نے پاک فضائیہ کو بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرانے پر شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا غرور، تکبر اور جھوٹا پروپیگنڈہ آج فضاؤں میں جل کر راکھ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ یہ صرف دفاع نہیں، پاک فوج نے تاریخ رقم کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی

وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، ہم حکومت پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس نازک گھڑی میں قومی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم ملک کے اُن علاقوں اور عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جو اس جارحیت سے متاثر ہوئے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے میزائل حملے کھلی جارحیت ہے اور میزائل حملے علاقائی امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، بلوچستان کے عوام دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے اپنی پاک فوج کے ساتھ ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی جارحیت کا نوٹس لے، بھارت کا جنگی جنون جنوبی ایشیا کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے، ہم امن کے داعی ضرور ہیں، مگر کمزور نہیں۔

شرجیل میمن

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، ہم نے کبھی جنگ کی خواہش نہیں کی لیکن یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی۔ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے غیرجانبدار اور منصفانہ تحقیقات کی پیشکش کی، مگر بھارت نے جنگی جنون میں مبتلا ہو کر جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے بلااشتعال حملہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی، خطے کے امن کو بھی داؤ پر لگا دیا۔ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ اور دندان شکن جواب دیا، آج پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔

حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بزدل دشمن بھارت نے ماضی کی طرح ایک بار پھر رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا ہے۔ مساجد اور سویلین آبادی کو بھارت نے نشانہ بنایا، بھارت کو سبق سکھانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی کارروائی کا پاک فوج نے ذمہ درانہ اور بھرپور جواب دیا ہے، جماعت اسلامی نے حکومت کو ملکی دفاع میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کارکنان کو قومی رضا کار بننے کے تیاری اور الخدمت کی قیادت کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو ایکٹیو رکھنے کی ہدایات کر دی۔

سینیٹر شیری رحمان

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر میزائل داغنے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا میزائل حملہ کھلی جارحیت ہے، مودی نے ابتدا کر دی اور اختتام اب پاکستان کرے گا۔ مظفرآباد، کوٹلی اور بہاولپور پر حملے ناقابل معافی جرم ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ بھارت نے میزائل داغ کر اپنی ناپاک نیت کو بے نقاب کر دیا، پاکستان اب خاموش نہیں بیٹھے گا، بھارت نے امن کی پیشکش کو کمزوری سمجھا، بھارت کو اب اس کی زبان میں ہی جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا، پاکستان کا جواب دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دے گا، بھارتی میزائل حملوں میں معصوم پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

پنجاب کے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‏پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا۔ بھارت کے بزدلانہ حملوں جنہوں نے معصوم شہریوں، مساجد، اور نیلم جہلم جیسے اہم آبی منصوبوں کو نشانہ بنایا، کے ردعمل میں ہماری افواج نے بے مثال طاقت اور بہادری کے ساتھ کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے پانچ طیارے گرا کر ہماری افواج نے نہ صرف اپنی غیر معمولی بہادری اور مہارت کا مظاہرہ کیا بلکہ بھارت کو یہ دو ٹوک پیغام دیا کہ پاکستان کی سرحدی سالمیت ایک سرخ لکیر ہے، جسے عبور کرنے کی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن کمزوری نہیں، ہر وار کا جواب دو گنا دے گا۔

سینیئر وزیر نے کہا کہ ہماری افواج فولاد سے بنی دیوار ہیں، جو دشمن کے ہر وار کو خاک میں ملا دیں گی۔ ان کی شجاعت، قربانی اور مادرِ وطن کی خودمختاری کے لیے غیر متزلزل عزم ہر دل کو فخر سے بھر دیتا ہے۔ پوری قوم اپنی ان بہادر افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ پاکستان زندہ باد!”

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ویڈیو بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے رات کی تاریخ میں نہتے پاکستانیوں پر حملہ کیا جس پر پاکستانی فضائیہ نے پانچ رافیل طیارے چشم زدن میں مار گرائے، دشمن کو کرارا جواب دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ دشمن سمجھتا تھا ڈرا لے گا لیکن پاکستانی قوم نہ جھکی ہے اور نہ جھکے گی، اگر پاکستان نے فیصلہ کر لیا تو دشمن محفوظ نہیں رہے گا۔ آپ نے ہماری مسجد شہید کی، اب برداشت ختم ہوگئی۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان زندہ قوم ہے اور اسلام شہادت کو اعزاز سمجھتا ہے، شہادت ہمارے لیے فخر ہے، وقت آیا تو ہر قرض اتارا جائے گا اور دشمن کو ایسی سزا دیں گے کہ دوبارہ پاکستان کی طرف دیکھنے کی ہمت نہیں کرے گا۔

مقبول خبریں