وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی نے یوم تشکر پر قوم اور قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف وہ قیادت موجود تھی جس کی پاکستان کو ضرورت تھی، جنرل عاصم منیر کے عزم وہمت اور دلیری نے دشمن کی جارحیت کے پرخچے اڑا دئیے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف، وزیراعظم شہباز شریف، تمام سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی راہنمائی سے پاکستان کو فتح ہوئی، جنرل ساحرشمشاد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ائیر چیف ظہیربابر اور بحریہ کے چیف ایڈمرل نوید اشرف کو خاص طور پر قوم سلام پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل سید عاصم منیر کے عزم وہمت اور دلیری نے دشمن کی جارحیت کے پرخچے اڑا دئیے، افواج پاکستان کے بہادروں نے اپنی قابلیت، جذبے، پیشہ وارانہ مہارت سے روایتی جنگ میں بھی بالا دستی کا لوہا منوایا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ الحمدللہ، پاکستان کو فتح ہوئی، یہ اللہ کا کرم، عوام کے اتحاد کی وجہ سے ہوا، یہی ہماری اصل طاقت ہے، بتا دیا ہے کہ امن خواہش ہے کمزوری نہیں۔