ملائیشیا میں ہاتھی کا بچہ اپنی ماں کے ساتھ سڑک عبور کرنے کی کوشش کے دوران حادثے میں ہلاک ہو گیا جب کہ حادٖثے کے بعد سامنے آنے والی المناک ویڈیو نے لوگوں کے دل موم کردیے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو کو سڑک پر گزرتی ہوئی ایک گاڑی سے ریکارڈ کیا گیا، اس میں دکھایا گیا کہ ہلاک ہاتھی کی ماں نے اپنا سر گاڑی پر ٹکا رکھا ہے جیسا کہ وہ اپنے بے حرکت بچے کو گاڑی کے نیچے سے نکالنے کے لیے زور لگا رہی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حادثہ ایسٹ ویسٹ ہائی وے پر رات 2 بجے کے قریب پیش آیا، ہاتھی کو ٹکر مارنے والا ٹرک مرغیوں کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ پیراک وائلڈ لائف پروٹیکشن اینڈ نیشنل پارکس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر یوسف شریف نے کہا کہ ایجنسی کو تقریباً 3.30 بجے حادثے کے بارے میں مطلع کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایک نر ہاتھی جس کی عمر 5 سال بتائی جاتی ہے اس وقت ہلاک ہو گیا جب وہ سڑک پار کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران ایک ٹرک سے ٹکرا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے عملے کو اس مقام پر تعینات کردیا گیا تاکہ مادہ ہاتھی کی نگرانی کی جاسکے اور اسے پکڑ کر محفوظ علاقے میں منتقل کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے بعد ہلاک ہاتھی کی ماں مشتعل ہو گئی اور غصے میں ٹرک کے اگلے حصے کو نقصان پہنچایا تاہم ڈرائیور محفوظ رہا، غمزدہ ہتھنی جائے حادثہ پر تقریبا 5 گھنٹے تک کھڑی رہی جسے گاڑی کی مدد سے جنگل میں دھکیلا گیا۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد لوگوں نے ہتھنی کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک ماں کے لیے کتنے دکھ کی بات ہے، وہ اپنے بچے کا انتظار کر رہی ہے لیکن وہ گاڑی کے نیچے سے نہیں نکل رہا، اس کے پاس ماں کا دل ہے حالانکہ وہ ایک جانور ہے۔
ایک اور شہری نے کہا کہ یہ ایسا ہے جیسے ہاتھی کی ماں امید کر رہی ہے کہ اس کا بچہ ابھی زندہ ہے، یہ افسوسناک واقعہ مدرز ڈے پر پیش آیا۔