کراچی:
شاہ لطیف ٹاؤن پورٹ قاسم چورنگی کے قریب ذاتی جھگڑے کے دوران فائرنگ اورڈنڈوں کے وار سے تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے، ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے علاقے رزاق آباد پورٹ قاسم چورنگی کے قریب ذاتی جھگڑے کے دوران فائرنگ اور ڈنڈوں کے وار سے دو افراد موقع پر جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع پر ٹریفک پولیس فوری موقع پر پہنچی اور ٹریفک پولیس نے موقع پر سے فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ متعلقہ پولیس بھی موقع پر پہنچی اورفائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری چھیپا اور ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال میں شدید زخمی ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ ایک شدید زخمی کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
جھگڑے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق افراد کی شناخت 25 سال عثمان ولد منصف، 25 سالہ توقیر ولد محمد صدیق اور 35 سالہ توصیف ولد محمد بشیر کے ناموں سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 45 سالہ منصف ولد عبد اللطیف، 28 سالہ نعمان ولد بشیر، 40 سالہ محمد رفیق ولد محمد رشید اور52 سالہ سعید الرحمان ولد فضل الرحمان سمیت دیگر شامل ہیں۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن امین کھوسہ کے مطابق کے مطابق فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوئے اور 2 سے 3 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے، جھگڑے کے دوران جاں بحق اور زخمی آپس میں رشتہ دار اور ایک ہی خاندان، دھنی پرتو اور لالہ آباد شیرپاؤ کالونی کے رہائشی ہیں اوردھرتی پر تو سے لڑتے ہوئے پورٹ قاسم پر آپس میں لڑائی جھگڑا کرتے ہوئے آئے اور پورٹ قاسم چورنگی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران فائرنگ کا واقعہ رشتے کے تنازع پر تلخ کلامی کے بعد پیش آیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور دیگر افراد زخمی ہوئے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے فوری بعد ٹریفک پولیس بھی موقع پر موجود تھی جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کو حراست میں لے کر شاہ لطیف پولیس کے حوالے کیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت رفیق کے نام سے کی گئی اور اس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئی۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ فائرنگ کے واقعے کے بعد فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
دریں اثنا واقعے کی موبائل ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ موقع پر موجود ایک شہری کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کی فوری بعد کی موبائل ویڈیو بنالی گئی۔ واقعے کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید کپڑوں میں ملبوس کلاشنکوف اٹھائے ہوئے ہے جب کہ اے ایس آئی عمران موقع پر موجود ملزم پر اسلحہ تان کر اس کے پیچھے دوڑ رہا ہے۔
اس دوران پولیس افسر کی مدد کے لیے ایک ٹریفک پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر پہنچا، جس کے بعد ملزم کو قابو کرنے کی کوشش کی گئی۔ مزاحمت کے بعد ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم منیر کو حراست میں لے لیا۔
موبائل ویڈیوز میں تین زخمی افراد کو سڑک پر تڑپتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جبکے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی دیکھی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔