لاہور:
مقدس اوراق کی حرمت کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا، پنجاب حکومت نے مقدس اوراق، الفاظ کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکریٹری داخلہ پنجاب نے مقدس الفاظ کے حامل اخبارات و کاغذات کی پیکجنگ استعمال پر پابندی عائد کردی، محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت 90 روز کیلئے پابندی عائد کی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محکمہ داخلہ کے مطابق اخبارات اور عام صفحات پر مقدس الفاظ اور آیات دی جاتی ہیں مختلف اشیاء کی ریپنگ، پیکجنگ کیلئے اخبارات اور کاغذات کا استعمال کیا جاتا ہے دینی اعتبار سے یہ حساس نوعیت کا مسئلہ ہے جو امن و امان کی صورتحال بھی خراب کر سکتا ہے اس بے ادبی کو روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور مقدس الفاظ اور آیات والے کاغذات اور اخبارات کے ریپنگ، پیکجنگ کیلئے استعمال پر پابندی عائد کی گئی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عوام الناس کی آگاہی کیلئے حکم نامے کی سرکاری گزٹ، اخبارات و ذرائع ابلاغ کے ذریعے وسیع تر تشہیر کی ہدایت کر دی گئی ہے۔