پیپلز پارٹی نے ارکان اسمبلی کے اثاثے سامنے لانے کی مخالفت کردی، الیکشن ایکٹ میں ترمیم پیش

اراکین پارلیمان و صوبائی اسمبلی کے اثاثوں کی اشاعت کا تعین متعلقہ اسمبلی کا اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کرے گا، ترمیم


ویب ڈیسک May 13, 2025

اسلام آباد:

پیپلز پارٹی نے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی اشاعت کی مخالفت کرتے ہوئے الیکشن ایکٹ میں ترمیم پیش کردی جس میں کہا گیا ہے کہ اثاثوں کی اشاعت کا تعین الیکشن کمیشن کے بجائے متعلقہ اسمبلی کا اسپیکر کرے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے مالیاتی گوشواروں سے متعلق بڑی ترمیم سامنے آگئی، سیاست دانوں کے اثاثوں سے متعلق گوشواروں کی اشاعت کو مشروط کرنے پر غور جاری ہے۔

پیپلزپارٹی الیکشن ایکٹ کی سیکشن 138میں اراکین پارلیمنٹ سے متعلق بڑی ترمیم لے آئی، پیپلز پارٹی نے سیکشن 138میں نیا پیراگراف شامل کرنے کی تجویز دیدی جوکہ شازیہ مری اور نوید قمر نے پیش کی ہے۔

مجوزہ ترمیم میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی گوشواروں کی حد سے زیادہ اشاعت سے اراکین پارلیمان اور خاندانوں کی ذاتی سیکیورٹی اور رازداری کو نقصان پہنچ سکتا ہے، بہتر طرز حکمرانی اور افراد کی رازداری و سیکیورٹی کے لیے توازن برقرار رکھا جائے۔

پیپلز پارٹی کی مجوزہ ترمیم میں کہا گیا ہے کہ اراکین پارلیمان و صوبائی اسمبلی کے اثاثوں کی اشاعت کا تعین متعلقہ اسمبلی کا اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کرے گا۔

مقبول خبریں