واشنگٹن:
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ جنگ بندی نازک ہے۔
ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کو انٹرویو میں رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا جیسے حساس خطے میں ’نیو نارمل‘ کی باتیں غیر حقیقت پسندا نہ ہیں، نیو نارمل کا کوئی بھی حوالہ بذات خود ابنارمل ہے، ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ ہم امن پسند قوم ہیں۔ خطے کی ڈیڑھ ارب آبادی کے مفادات کو مقدم رکھتے ہیں، سیز فائر پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ اصل مسئلے کا حل نکالنا اشد ضروری ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین اصل مسئلہ جموں و کشمیر ہے جس کی حل طلبی پائیدار امن کی ہر کوشش کو متاثر کرتی رہے گی۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سب کا مفاد امن میں ہے، پاکستان کسی بھی اشتعال پسندی اور جارحیت کا بھرپورجواب دینے کے لئے پرعزم ہے، حالیہ کشیدگی میں کمی لانے کے حوالے سے امریکی قیادت کی مسلسل کوششوں کے مشکور ہیں۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکہ خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کے حوالے سے ہمیشہ متحرک رہا ہے، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر دوست ممالک کی کاوشوں کے بھی شکر گزار ہیں، مسئلہ کشمیر کی جانب امریکہ سمیت عالمی برادری کی توجہ مسئلے کے مستقل حل کا ایک نادر موقع ہے، مسئلہ کشمیر کی جانب دنیا کی توجہ مبذول ہونا حوصلہ افزا ہے تاہم اس میں تسلسل اشد ضروری ہے۔
دریں اثنا رضوان سعید شیخ نے پیر کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے وفد سے پاکستانی سفارت خانے میں ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے کورس کے شرکاء کو کامیابی سے اہم کورس کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ یہ کورس اعلیٰ سول اور فوجی افسران کی تربیت کیلئے مرتب کیا جاتا ہے جس کا مقصد سینئر افسران کو اعلیٰ ذمہ داریوں کے لئے تیار کرنا ہوتا ہے۔
سینئر سول اور فوجی افسران پر مشتمل وفد پاکستان کے اعلیٰ تربیتی ادارے سے قومی سلامتی اور وار کورس مکمل کر رہا ہے۔ امریکا کے نیئر ایسٹ ساؤتھ ایشیا سینٹر فار اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے سینئر افسران بھی وفد کے ہمراہ تھے۔
وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہرے تعلقات کو اجاگر کیا، انٹرایکٹیو سیشن کے دوران شرکاء نے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے حوالے سے سفیر پاکستان سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔