کراچی: سائٹ ایریا میں ٹریفک حادثہ، میاں بیوی جاں بحق، کوسٹر ڈرائیور گرفتار

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث کوسٹر ڈرائیور انصار کو گرفتار کر لیا


منور خان May 15, 2025

کراچی:

شہر قائد میں سائٹ ایریا سیمنز چورنگی کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتار کوسٹر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے باعث پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ زخمی مرد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکا۔ بعد ازاں پولیس نے تصدیق کی کہ جاں بحق افراد میاں بیوی تھے۔

پولیس نے بتایا کہ متوفی مرد کی شناخت 55 سالہ جمیل اور خاتون کی شناخت 50 سالہ نگت کے نام سے ہوئی ہے، جو اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ کے رہائشی تھے۔ دونوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث کوسٹر ڈرائیور انصار کو گرفتار کر لیا، جبکہ کوسٹر اور موٹر سائیکل کو بھی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں